تیل کی بڑھتی قیمتوں کے بعد اب دودھ بھی ہوا مہنگا

0
indiatvnews.com

نئی دہلی (ایجنسیاں) : عوام ایک طرف جہاں پٹرول اور ڈیزل کے ساتھ کھانے والے تیل کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں، وہیں اب دودھ کمپنی امول نے بچوں کے دودھ کے ساتھ چائے کے مزے کو بھی خراب کردیاہے۔ امول کوآپریٹیو سوسائٹی نے یکم جولائی 2021یعنی جمعرات سے امول دودھ کے دام 2روپے فی لیٹر بڑھا دیے ہیں۔ قیمت بڑھنے کے بعد امول گولڈ دودھ58 روپے فی لیٹر ملے گا۔ اطلاع کے مطابق امول دودھ کی نئی قیمتیں ملک کی راجدھانی دہلی، گجرات اور پنجاب سمیت کئی ریاستوں میں نافذ ہوجائیں گی۔ کمپنی نے اپنے تمام برانڈس میں 2روپے فی لیٹر کا اضافہ کیاہے۔ امول کے سبھی ملک پروڈکٹس امول گولڈ، امول شکتی، امول تازہ، امول ٹی اسپیشل، امول سلم اور اینڈ ٹرن میں 2روپے فی لیٹر کے حساب سے اضافہ ہوگا۔ اسی کے ساتھ اب امول گولڈ 58 روپے فی لیٹر کے حساب سے ملے گا۔ امول برانڈ نام کے تحت دودھ اور ڈیری پروڈکٹس کی سپلائی کرنے والے جی سی ایم ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر آر ایس سوڈھی نے کہا کہ تقریباً ایک سال 7ماہ کے بعد قیمتوں میں اضافہ کیا جارہاہے،جو پروڈکٹ لاگت میں اضافے کے سبب ضروری ہوگیا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ امول دودھ کی قیمتوں میں یکم جولائی 2021 سے پورے ہندوستان میں 2روپے فی لیٹر کا اضافہ کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS