پورا ملک سی اے اے کی مخالفت کرے:یشونت سنہا

0

کوٹہ :ملک میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف جاری احتجاج کے درمیان سابق وزیر خزانہ یشونت سنہا کا قافلہ راجستھان کے کوٹہ شہر میں پہنچا۔ یشونت سنہا نے یہاں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت شاہ کہتے ہیں کہ این آر سی لاگو کر کے رہیں گے اور پی ایم مودی اس سے انکار کرتے ہیں۔ ہم لوگوں کو آگاہ کر رہے ہیں کہ این آر سی کے تحت دستاویزات مانگے جانے پر صاف منع کر دیں۔ پورا ملک اس کے خلاف کھڑا ہوگا تو حکومت کو غور کرنا ہوگا اور پھر سی اے اے جیسا قانون کبھی وجود میں نہیں آ سکے گا۔کوٹہ شہر میں سی اے اے اور این آر سی کے خلاف کشور پورہ عید گاہ پر گزشتہ 10 دنوں سے خواتین دن رات دھرنا دے رہیں ہیں جبکہ یہاں کے وگیان نگر میں بھی مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ ان دونوں مقامات پر یشونت سنہا کی گاندھی شانتی یاترا کی ٹیم بدھ کے روز پہنچی اور خواتین کو گاغذ نہیں دکھانے کےلئے بیدار کیا۔ حالانکہ یشونت سنہا کو بھی یہاں پہنچنا تھا، لیکن وہ طبیعت ٹھیک نہ ہونے کی وجہ سے نہیں جا سکے۔
قبل ازیں یشونت سنہا نے کوٹہ پہنچنے پر ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہریت ترمیمی قانون غیر آئینی ہے، لہٰذا اس کی مخالفت میں ہزاروں کلومیٹر کی گاندھی شانتی یاترا نکالی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریت پر قانون بنانے کا حق پارلیمنٹ کو ہے، اس لیے ہم اسے چیلنج نہیں کر رہے، لیکن پہلی بار مودی سرکار نے ایسا قانون بنایا جو مذہبی تفریق پر مبنی ہے،اس لیے یہ قانون راست طور پر آئین کے خلاف ہے۔انہوں نے سیدھے طور پر مودی سرکار سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بتائیں کہ جو لوگ 20سے25 برس قبل مذہبی زیادتی کے شکار ہوئے تھے ، وہ اس کے ثبوت کیسے دے پائیں گے؟ یہ ایک اہم سوال ہے۔
یشونت سنہا نے کہاکہ ملک کی معیشت بری طرح سے متاثر ہوئی ہے۔ کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کے جو خواب دکھائے گئے تھے، وہ چکناچور ہو چکے ہیں۔ سرکار نے ترقی کے ایشوز سے عوام کا دھیان ہٹا کر سی اے اے اور این آر سی کے نام پر لوگوں کو گمراہ کرنا شروع کر دیا ہے۔سنہا نے کہا کہ اسی بی جے پی سرکار نے پچھلے 6 برسوں میں پاکستان، بنگلہ دیش اورافغانستان سے ہندوستان میں آئے 4 ہزار سے زائد لوگوں کو شہریت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر3 ملکوں کے علاوہ ایران اور ملیشیا جیسے ممالک میں مذہبی تشدد ہوگا، تو وہ لوگ کہاں جائیں گے؟ ایک لاکھ تمل اور تبت میں رہنے والے بودھ مذہب کے لوگوں کو اس قانون میں شامل نہیں کیاہے۔ سی اےاے کے تحت جو شہری بننا چاہے گا، اسے عرضی کے ساتھ ثبوت بھی دینے ہوں گے، وہ ثبوت کہاں سے آئیں گے!ایک سوال کے جواب میں یشونت سنہا نے کہا کہ اٹل بہاری واجپئی کی سرکار میں ملک میں دن جیسی روشنی اور شانتی تھی، وہیں آج مودی سرکار میں رات جیسی تاریکی ہے اور چاروں طرف بدامنی کا دور دورہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اوپر پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ سے اوپر ملک کے عوام ہیں اور حکومت کو جھکانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS