قطر میں موت کی سزا پانے والے کون ہیں؟ ۔۔۔۔ پڑھیے رپورٹ

0

نئی دہلی: قطر کی ایک عدالت کی طرف سے ہندوستانی بحریہ کے 8 سابق اہلکاروں کو دی گئی سزائے موت پر ہندوستان نے کہا کہ وہ اس فیصلے سے انتہائی فکر مند ہے۔ حکومت ہند اس معاملے میں تمام قانونی متبادل پر غور کر رہی ہے۔ یہ آٹھوں ہندوستانی شہری الدہرا کمپنی کے ملازم ہیں، جنہیں گزشتہ سال جاسوسی کے ایک مبینہ معاملے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ قطری حکام کی جانب سے ہندوستانیوں پر لگائے گئے الزامات کو منظر عام پر نہیں لایا گیا ہے۔ اپنے ردعمل میں وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ اس معاملے کے لیے تمام قانونی متبادل تلاش کر رہی ہے۔

اگست 2022 میں گرفتار ہونے والے ہندوستانی بحریہ کے سابق افسران میں کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سوگناکر پاکالا، کمانڈر امیت ناگپال، کمانڈر سنجیو گپتا، کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن بیرندر کمار ورما، کیپٹن سوربھ واششتھا اور سیلر راگیش گوپ کمار شامل ہیں۔

بحریہ کے تمام سابق افسران کا ہندوستانی بحریہ میں 20 سال تک کی بہترین خدمات کا ریکارڈ رہا ہے اور انہوں نے فوج میں اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔

غور طلب ہے کہ یہ لوگ ایک نجی فرم، الدہرا گلوبل ٹیکنالوجیز اینڈ کنسلٹنسی سروسز کے لیے کام کرتے تھے، جو قطر کی مسلح افواج کے لیے تربیت اور دیگر خدمات فراہم کرتی ہے۔ یہ کمپنی رائل عمان ایئر فورس کے ریٹائرڈ اسکواڈرن لیڈر خامس العجمی کی ملکیت ہے۔ عجمی کو بھی گزشتہ سال ہندوستانیوں کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا لیکن نومبر 2022 میں رہا کر دیا گیا تھا۔

ہندوستانی بحریہ کے سابق اہلکار کو قطر کی خفیہ ایجنسی نے 30 اگست 2022 کو گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں حیران کن بات یہ ہے کہ نہ تو قطری حکام اور نہ ہی ہندوسستانی حکام نے ابھی تک ہندوستانی شہریوں کے خلاف الزامات کو عام کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق آٹھ افراد کو مبینہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ 25 مارچ کو آٹھ ہندوستانیوں کے خلاف الزامات عائد کیے گئے اور ان پر قطر کے قانون کے تحت مقدمہ چلایا گیا۔ ان کی ضمانت کی درخواستیں متعدد بار مسترد ہو چکی ہیں اور جمعرات کو قطری عدالت نے ان کے خلاف پہلا فیصلہ سنایا۔

مزید پڑھیں: اسرائیل نے فلسطین کے 3000 بچوں اور 1700 خواتین کو ابدی نیند سُلا دیا ہے: ریاض منصور

 

حکومت ہند کیا کر رہی ہے؟

قطری عدالت کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ کیس کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہی ہے اور تمام قانونی متبادل کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
خبر یہ بھی ہے کہ ہندوستانی بحریہ کے سابق اہلکاروں کے اہل خانہ نے قطر کے امیر کے سامنے رحم کی درخواست دائر کی تھی۔ تاہم اس کی کوئی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS