ہر بات پر غصہ کرنے والا شوہر ہو تو بیوی کیا کرے تین ایسے راستے‘ جو بیوی کی زندگی تبدیل کر سکتے ہیں

0

ہمارے معاشرے میں کچھ مردوں کی پرورش ایسے ماحول میں کی جاتی ہے کہ ان کو عورت کا احترام سکھانے کے بجائے یہ سبق دیا جاتا ہے کہ بیوی پاؤں کی جوتی ہوتی ہے- اس کو اس کی جگہ پر ہی رکھنا چاہیے سر پر نہیں بٹھانا چاہیے-ایسے مرد اپنی بیوی کے ساتھ جو رویہ رکھتے ہیں وہ کسی طرح بھی تعریف کے قابل نہیں ہوتا ہے- مگر ایسی خواتین جو کہ معاشی طور مردوں پر انحصار کرتی ہیں یا پھر اس قبیلے سے تعلق رکھتی ہیں جن کی نظر میں ان کے شوہر ان کے مجازی خدا ہوتے ہیں تو وہ شوہر کی بدسلوکی اپنا نصیب سمجھ کر برداشت کرتی ہیں- شوہر کے برے رويے کی صورت میں بیوی کے پاس موجود 3 راستے۔جن عورتوں کے شوہر ان کے ساتھ برا سلوک کرتے ہیں تو ان کے پاس اس صورت میں تین راستے ہوتے ہیں جن کے بارے میں ہم آپ کو آج بتائيں گے-
پہلا راستہ:یہ راستہ وہ عورتیں اپناتی ہیں جن میں برداشت کی کمی ہوتی ہے یا پھر یہ عورتیں جلد مایوسی کا شکار ہو جاتی ہیں ۔ یہ عورتیں شوہر کے برے رویے کا مقابلہ مزيد برے رویے سے کرتی ہیں۔ یہ عورتیں شوہر کی ایک برائی کا جواب دس سے دیتی ہیں۔ ایسی عورتوں کا گھر جب تک وہ شوہر کے ساتھ رہتی ہیں جہنم کا نمونہ بنا رہتا ہے اور برداشت کی کمی کی وجہ سے جلد ہی شوہر سے اپنی راہیں جدا کر لیتی ہیں- اگر یہ عورتیں علیحدگی اختیار نہ بھی کریں تو ان کا گھر ہر وقت میدان جنگ کا منظر پیش کرتا ہے- جس کے نتیجے میں اس خاندان کے بیٹے بڑے ہونے پر عورتوں کی عزت نہیں کرتے ہیں- جبکہ اس خاندان کی بیٹیاں پیدائشی طور پر اپنے باپ کے ماں سے برے رویے کو دیکھ کر مردوں سے نفرت کرنے لگتی ہیں اور جوان ہونے پر گھر بنانے سے دور بھاگتی ہیں-
دوسرا راستہ:دوسرا راستہ اختیار کرنے والی عورتیں اندر سے کمزور ہوتی ہیں اس وجہ سے بظاہر تو شوہر کے ہر برے رویے کو خاموشی سے برداشت کرتی ہیں- لیکن اس کوشش میں ان کی شخصیت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہے- ان کی شخصیت کی مضبوطی اور تمام اچھی خصوصیات ان سے جدا ہو جاتی ہیں اور وہ اپنی پوری زندگی ایک روبوٹ کی طرح گزارتی ہیں۔ ان کی مسکراہٹ کھوکھلی اور ہر خوشی ادھوری ہوتی ہے- ایسی عورتوں کے گھر کے اندر ہر وقت ایک خوف کی فضا ہوتی ہے- ایسی عورتیں اپنے اندر کے ڈر کو اپنے بچوں تک منتقل کر دیتی ہیں- اس وجہ سے ان کے بچے بھی عملی میدان میں اس ڈر کے ساتھ پروان چڑھتے ہیں-
تیسرا راستہ:یہ عورتیں ہمارے معاشرے میں انتہائی کمیاب ہوتی ہیں یہ بہادر ہوتی ہیں، ذہین ہوتی ہیں اور باحوصلہ ہوتی ہیں- ان کا واسطہ اگر کسی ایسے مرد سے پڑ جائے جو کہ کمزور شخصیت کا مالک ہوتا ہے اور عورت کے اوپر حاوی ہونے کے لیے غصہ ، چیخ و پکار کا سہارا لیتا ہے- تو ایسی عورتیں اس کمزور مرد سے خوفزدہ ہونے کے بجائے اس کی تصحیح کرنے کی حکمت عملی بناتی ہیں۔ اس کے ساتھ لڑ کر اس کا مقابلہ کرنے کے بجائے تدبیر سے اس کی خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کرتی ہیں-
یہ وہ خواتین ہوتی ہیں جن کا خود پر یقین مضبوط ہوتا ہے ان عورتوں کو اس بات کی خبر ہوتی ہے کہ صرف ٹکراؤ کرنے سے نقصان اپنے گھر کا ہوتا ہے- اس وجہ سے یہ خواتین اس وقت خاموشی اختیار کر لیتی ہیں جبکہ شوہر غصے میں ہوتا ہے- مگر صحیح وقت پر اپنا نقطہ نظر مدلل انداز میں بیان کر کے شوہر کی تریبت کا عمل ادا کرتی ہیں-
درحقیقت ایسی عورتیں اپنے بچوں کو بھی ان کے باپ کا احترام کرنا سکھاتی ہیں اور ایک متوازن انداز میں اپنے گھر کو لے کر چلتی ہیں- ان عورتوں کا سفر دشوار ضرور ہوتا ہے مگر یہ دشواری عارضی ہوتی ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ یہ خواتین اپنے گھر کو ایک مثالی گھرانے میں تبدیل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں-
یاد رکھیں!:شوہر کے خراب رویے کو دیکھ کر ہر عورت کے پاس یہ تین راستے ہوتے ہیں وہ ان میں سے کس راستے کا انتخاب کرتی ہیں- فیصلہ ان کے اپنے ہاتھ میں ہوتا ہے مگر ان کے منتخب کیے گئے راستے پر ہی ان کی اگلی پوری زندگی کا دارومدار ہوتا ہے-

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS