ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر 2-0سے سیریز جیتی

0

سینٹ لوشیا(ایجنسیاں) : یہاں کھیلے گئے دو ٹیسٹ میچوں کی ہوم سیریز کے آخری میچ میں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-0 سے جیت لی۔ ویسٹ انڈیز نے پہلا ٹیسٹ 7 وکٹوں سے جیتا تھا۔ میچ کے چوتھے روز بنگلہ دیش نے آخری اننگز میں ونڈیز کے سامنے جیت کے لیے 13 رنز کا ہدف رکھا تھا جسے ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔
ویسٹ انڈیز کے لیے اس میچ میں فتح کے ہیرو کائل میئرز تھے جنہوں نے پہلی اننگز میں 146 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کو اہم برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ اس سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی تھے۔ بنگلہ دیش کے خلاف اس سیریز میں انہوں نے 76.50 کی اوسط سے 153 رنز بنائے۔ انہیں مین آف دی سیریز کے خطاب سے نوازا گیا۔
بنگلہ دیش نے چوتھے دن 54 رنز پر 4 وکٹیں گنوا دیں۔ بنگلہ دیش نے چوتھے دن کا آغاز 6 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز سے کیا۔ 148 کے اسکور پر الزاری جوزف نے مہدی حسن کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیش کو دن کا پہلا جھٹکا دیا۔اس کے بعد عبادت حسین، شرف الاسلام اور خالد احمد دوسرے اینڈ پر موجود وکٹ کیپر بلے باز نورالحسن کا ساتھ نہ دے سکے اور تینوں کھلاڑی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ نورالحسن ناٹ آؤٹ 60 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے کیمار روچ، الزاری جوزف اور جیڈن سیل نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں۔
بنگلہ دیش کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 186 رنز بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کو صرف 13 رنز کا ہدف ملا، لنچ کے بعد اوپنرز کریگ براتھویٹ (4) اور جان کیمبل (9) نے بغیر کوئی وکٹ کھوئے اسے حاصل کرلیا۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگز میں 234 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جواب میں ویسٹ انڈیز نے 408 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ ویسٹ انڈیز کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 174 رنز کی برتری حاصل تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS