ہم کو عطا ہوئی ہے قیادت رسول ؐ کی

0

ہم کو عطا ہوئی ہے قیادت رسول ؐ کی
جینا سکھائے سب کو شریعت رسول ؐ کی
دونوں جہاں میں اس کو ملیں کامیابیاں
جس نے بھی کی قبول نصیحت رسول ؐ کی
دشمن کو بھی دُعا سے نوازا ہے آپ ؐنے
دنیا بھی جانتی ہے شرافت رسولؐ کی
کل انبیاؑء بنے ہیں نبی جی ؐکے مقتدی
راس آئی ہے سبھوں کو امامت رسولؐ کی
حاتم کی نسل کو بھی ملا صدقہ آپ کا
دیکھی ہے ہر نظر نے سخاوت رسولؐ کی
ان کے لئے ہے آیۂ تطہیر کا نزول
بے مثل کس قدر ہے نفاست رسولؐ کی
صادق بھی وہ امین بھی وہ دلنشیں بھی وہ
اک منبع خوبیوں کا ہے سیرت رسول ؐ کی
ان کی ہی کوششوں کا صلہ پا رہے ہیں ہم
امت کا انحصار ہے محنت رسول ؐ کی
آنکھیں بھی اس کی چمکیں بصیرت بھی بڑھ گئی
دیکھی ہے جس کسی نے بھی صورت رسولؐ کی
قرآن اور حدیثوں کے مجموعے حافظمؔ
اس کے سوائے کیا ہے وراثت رسول ؐ کی
ڈاکٹر حافظؔ کرناٹکی

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS