دنیا کی بہتری کیلئے ہم ساتھ آئے:مودی،ویکسین مینوفیکچرنگ میںشراکت داری ہوگی:بائیڈن
نئی دہلی (ایجنسیاں): چین پر نکیل کسنے کیلئے بنے کوائڈ گروپ کی میٹنگ جمعہ کی شام شروع ہوئی۔ میٹنگ میں ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے سب سے پہلے اپنی بات رکھی۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا ایجنڈا ویکسین، ماحولیاتی تبدیلی اور ٹیکنالوجی کی ترقی سے متعلق ہے۔ میں اس مثبت نظریے کو ہندوستان کے قدیم فلسفہ ’وسودھیوکٹمبکم‘کی توسیع کے طور پر دیکھتا ہوں، جو دنیا کو ایک کنبہ کی شکل میں مانتا ہے۔ اس ورچوئل میٹنگ میں مودی کے علاوہ امریکی صدر جوبائیڈن، جاپان کے وزیراعظم یوشی ہدے سگااور آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکارٹ موریسن حصہ لے رہے ہیں۔ صدر بننے کے بعد بائیڈن اور وزیراعظم نریندر مودی پہلی بار کسی انٹرنیشنل اسٹیج کا حصہ بنے ہیں۔ اس اجلاس میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکہ اس خطے میں آپ اور آپ کے تمام اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا پابند ہے۔ یہ گروپ خاص طور پر اہم ہے، کیونکہ اس کی توجہ عملی حل اور ٹھوس نتائج پر ہے۔ فری انڈو پیسفک ایریا ہمارے تمام ممالک کے مستقبل کیلئے اہم ہے۔ ہم موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور باہمی تعاون بڑھانے کیلئے ایک نیا طریقہ کار متعارف کرانے جارہے ہیں۔بائیڈن نے کہا کہ ہم مل کر ایک بڑی شراکت داری کا آغاز کر رہے ہیں ، جس سے دنیا کے مفاد میں ویکسین تیار کرنے کو فروغ ملے گا۔ وہیںآسٹریلیائی وزیر اعظم اسکاٹ ماریسن نے اپنی تقریر کا آغاز ’نمستے‘ سے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں ، فری انڈو پیسفک ایریا ہی دنیا کی تقدیر کا فیصلہ کرے گا۔ دنیا کے چار عظیم جمہوری ممالک کے رہنما کی حیثیت سے ہماری شراکت سے امن ، استحکام اور خوشحالی میں اضافہ ہوگا۔ وہیں جاپان کے وزیر اعظم سوگا یوشی ہیدے نے کہا کہ میں ’ کوائڈ ‘کے بارے میں جذباتی ہوں۔ ہماری وابستگی آزاد ہند بحر الکاہل کے خطے کے بارے میں ہے۔ ہم اس علاقے میں امن اور استحکام چاہتے ہیں۔ اس کیلئے چاروں ممالک کی حمایت ضروری ہے۔دنیا بھر کے ممالک کی نگاہ اس میٹنگ پر جمی ہوئی ہے۔ میٹنگ میں دنیا بھر میں ویکسین ڈرائیو اور اس کی سپلائی جیسے اہم ایشوز پر غوروخوض ہوسکتا ہے۔ اس گروپ کی تشکیل 2007 میں ہوئی تھی، لیکن ایسا پہلی بار ہے کہ جب چاروں ممالک ایک ساتھ میٹنگ کررہے ہیں۔ اس گروپ کی تشکیل چین کے بڑھتے اثر اور دبدبے کو کم کرنے کیلئے ہوئی ہے۔ اس میٹنگ میں کورونا، اکنامی اور اسٹرٹیجک ایشوز پر غوروخوض ہوناہے۔

QUAID گروپ کیا ہے؟: کوائڈ کا پورا نام کواڈری لیٹرل سیکورٹی ڈائیلاگ ہے۔ یہ ہندوستان، امریکہ، آسٹریلیا اور جاپان کاایک ان آفیشل اسٹرٹیجک گروپ ہے۔ اس کی تشکیل 2007 میں ہوئی تھی۔ 2008 میں آسٹریلیا کے اس وقت کے وزیراعظم کوند روڈ سے الگ ہوگئے تھے۔ اس وقت سے گروپ سرگرم نہیں تھا۔ چین کے بڑھتے دبدبہ کو لے کر امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی قیادت میں یہ گروپ پھر سے سرگرم ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS