گوکل پوری اور سیما پوری میں پانی کی سپلائی متاثر

0

مقامی باشندگان پینے کے صاف پانی کیلئے پریشان،پرسان حال کوئی نہیں
نئی دہلی (محمد اسلم /ایس این بی ) :گوکل پوری اور سیما پوری اسمبلی حلقہ کے باشندگان گزشتہ 15 دنوں سے پینے کے صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ان دونوں اسمبلی حلقہ کی راجیو نگر، ہرش وہار، بینک کالونی، بدھ وہار، نند نگری، سندر نگری و دیگر کالونیوں میں گزشتہ 15 دنوں سے دہلی جل بورڈ کے ذریعے سپلائی کیے جانے والا پانی نہیں آرہا ہے، جل بورڈ کے جے ای کرشن کمار و دیگر افسران کا کہنا ہے کہ پیچھے سے ہی پانی کی سپلائی نہ ہونے سے یہ قلت آ رہی ہے، جبکہ ان بنیادی سہولیات کو لے کر دہلی حکومت کے وعدے و دعوے کچھ اور ہی ہیں۔دہلی حکومت کے وزیر راجندر پال گوتم کے سیما پوری اسمبلی حلقہ اور گوکل پوری اسمبلی کے عام آدمی پارٹی کے ممبر اسمبلی چودھری سریندر کے علاقے کے باشندوں کو پانی کے مسئلے کا سامنا ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 روز سے یہاں پانی نہیں آ رہا ہے۔
روزنامہ راشٹریہ سہارا نمائندہ نے جب دہلی حکومت میں وزیر اور سیماپوری ممبر اسمبلی راجندر پال گوتم سے رابطہ کیا تو ان کے پی ایس او پنت کمار نے کہا کہ وزیر صاحب تو میٹنگ میں ہیں، جب ان سے پانی کے مسئلے پر بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ آج کل پوری دہلی میں بنا ہوا ہے لیکن اب جلد ہی اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ ان کالونیوں میں دہلی جل بورڈ سونیا وہار بھاگیرتھی پلانٹ سے پانی فراہم کرتا ہے اور مانا جاتا ہے کہ سونیا وہار پلانٹ میں پانی کی کمی نہیں ہے۔ مراد نگر سے آنے والا گنگ نہر کا پانی بھاگیرتھی وہار پلانٹ میں بڑی مقدار میں ذخیرہ کیا جاتا ہے اور لوگوں کو صبح و شام پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ لیکن سندر نگری کے لوگوں کو پچھلے 15 دنوں سے پانی کے لیے ترسنا پڑ رہا ہے، سندر نگری کے بابا فرید احمد، حاجی شکیل قریشی، محمد عمران اور مراد کا کہنا ہے کہ دہلی جل بورڈ پانی کے ٹینکر بھیج دیتا ہے لیکن ٹینکر کے ذریعے چوتھی منزل پر پانی نہیں پہنچایا جا سکتا، دہلی جل بورڈ کے افسران ٹینکر بھیج کر اپنی ذمہ داریوں سے پہلو تہی کر رہے ہیں۔ یہی حال گوکل پور اسمبلی حلقہ کی کالونیوں کا ہے جہاں گزشتہ 15-20 روز سے دہلی جل بورڈ کے پانی کی سپلائی متاثر ہے راجیو نگر، ہرش وہار و دیگر کالونیوں میں پانی کی سپلائی پہلے سے ہی ہفتے میں 3 روز پیر، بدھ، جمعہ کو صرف 2 گھنٹے کی جاتی ہے گزشتہ کئی ہفتوں سے وہ بھی بند ہے اور ان کالونیوں کے باشندوں کو صاف پینے کا پانی خرید کر پینا پڑ رہا ہے.

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS