عمران حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3اپریل کو

0

اسلام آباد (پی ٹی آئی) : پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 3اپریل کو ہوگی۔ وزیر داخلہ شیخ رشیدنے منگل کو یہ جانکاری دی۔ نیشنل اسمبلی کے ایک اجلاس کے دوران پیر کو اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کے بعد شیخ رشید تازہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے یہاں وفاقی راجدھانی میںمیڈیا سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ ’31مارچ کو تحریک عدم اعتماد پر بحث ہوگی، اس کے بعد 3 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔‘انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان اس میں کامیاب رہیں گے۔ انہوں نے اندازہ ظاہر کیاکہ الگ تھلگ پڑے سبھی معاون عمران خان کی قیادت والی سرکار کی حمایت کرنے کیلئے واپس آئیں گے، جیسا کہ پاکستان مسلم لیگ-قائد گروپ کے ذریعہ پہلے ہی کی جاچکی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ برسراقتدار پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور اپوزیشن پارٹیوں کے ذریعہ اتوار اور پیر کو الگ الگ سیاسی ریلیاں کئے جانے کے بعد سبھی سڑکوں کو کھول دیا گیا ہے اور شہر کے ایک حصہ میں ناکہ بندی نہیں کی گئی ہے۔ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ راجدھانی کو ایک بڑے واقعہ سے بچاتے ہوئے سیکورٹی ایجنسیوں نے کم از کم 4دہشت گردوں کو گرفتار کیا ہے۔ واضح رہے کہ69سالہ عمران خان اتحادی حکومت کی قیادت کررہے ہیں اور اگر کچھ معاون پارٹیاں اتحاد سے ہٹنے کا فیصلہ کرتی ہیں تو ان کی سرکار گر سکتی ہے۔ پاکستان کی 342 رکنی نیشنل اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 155 ارکان ہیں اور اسے اقتدار میں بنے رہنے کیلئے کم از کم 172 رکن قومی اسمبلی کی حمایت کی ضرورت ہے۔ اپوزیشن نے 8مارچ کو نیشنل اسمبلی کو تحریک عدم اعتماد سونپی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS