اترپردیش اسمبلی انتخابات کے چھٹے مرحلے میں 10 اضلاع میں ووٹنگ شروع

0

لکھنؤ:(یو این آئی) اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے چھٹے مرحلے میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان 10 اضلاع کی 57 اسمبلی نشستوں پر جمعرات کی صبح 7 بجے ووٹنگ شروع ہوگئی۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر اجے کمار شکلا نے بتایا کہ امبیڈکر نگر، بلرام پور، سدھارتھ نگر، بستی، سنت کبیر نگر، مہاراج گنج، گورکھپور، کشی نگر، دیوریا اور بلیا اضلاع میں ووٹنگ صبح 7 بجے سے شروع ہوئی اور شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ پانچویں مرحلے میں کچھ اہم دستاویزات غائب ہونے کی وجہ سے ضلع پریاگ راج کے 258-ہنڈیا اسمبلی حلقہ میں بھی دوبارہ پولنگ شروع ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چھٹے مرحلے میں 57 اسمبلی حلقوں میں 676 امیدوار میدان میں ہیں جن میں سے 66 خواتین امیدوار بھی ہیں۔ جو ووٹرز شام 6 بجے تک پولنگ کے مقامات پر موجود ہوں گے، ان تمام ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔ پولنگ کووڈ پروٹوکول کے تحت کل 25326 پولنگ مقامات اور 13936 پولنگ اسٹیشنوں پر مکمل کی جائے گی۔ پولنگ پر کڑی نظر رکھنے کے لیے کمیشن کی جانب سے 56 جنرل آبزرور، 10 پولیس مبصر اور 18 ایکسپینڈیچر آبزرور بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ مذکورہ بالا کے علاوہ 1680 سیکٹر مجسٹریٹ، 228 زونل مجسٹریٹ، 173 اسٹیٹک مجسٹریٹ اور 2137 مائیکرو آبزرور بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے نیم فوجی دستوں کی کافی تعداد میں تعیناتی کی گئی ہے۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر نیم فوجی دستوں کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے اور ای وی ایم کے اسٹرانگ رومز کی حفاظت کی ذمہ داری بھی نیم فوجی دستوں کو دی گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS