یوپی: پی ایف آئی کے6 ممبران گرفتار، کئی اضلاع میں اے ٹی ایس کا آپریشن جاری

0

لکھنئو(ایس این بی)دہشت گردانہ سرگرمیوں کیلئے فنڈنگ جمع کرنے، اسلحہ چلانے کی تربیت دینے کیلئے ٹریننگ کیمپ بنانے اور ممنوعہ تنظیموں میں شامل ہونے کیلئے نوجوانوں کو گمراہ کرنے میں ملوث پاپولر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کے ٹھکانوں پر ملک بھر میں ہوئی چھاپہ ماری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ اس ضمن میں یوپی اے ٹی ایس نے ہفتہ کی صبح میرٹھ اور وارانسی سے پی ایف آئی کے 6ممبران کو گرفتار کیا۔ ان سبھی کے خلاف اے ٹی ایس نے متعلقہ اضلاع کے پولیس تھانوں میں مقدمہ قائم کرایاہے۔ قابل ذکر ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر مرکزاور یوپی کی جانچ ایجنسیاں مسلسل پی ایف آئی کے سرگرم ممبران کی تلاش کرکے ان کو گرفتار کر رہی ہیں۔اے ٹی ایس کے افسران کے مطابق شاملی کے رہنے والے محمد شاداب عظیم قاسمی، مولانا ساجد، غازی آباد کے رہنے والے مفتی شہزاد اور مظفر نگر کے رہنے والے محمد اسلام قاسمی کو گرفتار کیاگیاہے۔ چاروں کے خلاف میرٹھ کے کھر کھوندا تھانہ میں آئی پی سی کی دفعہ کے تحت مقدمہ قائم کرایا گیاہے۔اس طرح ہفتہ کی صبح3.30 بجے وارانسی سے پی ایف آئی کے دو ممبران رضوان احمد اور محمد شاہد کو گرفتار کیاگیاہے۔دونوں کوکجاک پورہ ریلوے کراسنگ واقع زیر تعمیر اووربرج سے اے ٹی ایس کی ٹیم نے گرفتار کیاہے۔ دونوں کے خلاف وارانسی کے آدم پور تھانہ میں ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی دفعہ کے تحت مقدمہ کرایاگیا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل این آئی اے نے بھی وارانسی سے پی ایف آئی کے دو ممبران کو گرفتار کیاتھا۔ پی ایف آئی کے ممبران کی گرفتاری کے لیے مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایت پر چلائی جارہی اس مہم کے سلسلہ میں افسران زیادہ معلومات دینے سے کنارہ کشی کر رہے ہیں ۔حالانکہ ذرائع کے مطابق یو پی اے ٹی ایس اور ایس ٹی ایف مسلسل ریاست کے تمام اضلاع میں پی ایف آئی کے ممبران کی تلاش میں چھاپہ ماری کر رہی ہے۔وہیں پی ایف آئی ممبران کی گرفتاری کے سلسلہ میں ہونے والی مخالفت کے مد نظر پوری ریاست میں ہائی الرٹ ہے اور پولیس سماج دشمن عناصر پر سخت نظر رکھے ہوئے ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS