امریکہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا: وائٹ ہاؤس

0
امریکہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا: وائٹ ہاؤس
امریکہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا: وائٹ ہاؤس

واشنگٹن (یو این آئی): امریکی افواج کی جانب سے عراق اور شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیاؤں کے درجنوں اہداف کو نشانہ بنانے کے بعد وائٹ ہاؤس نے جمعے کو تصدیق کی ہے کہ امریکہ ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا۔ خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے پریس کو بتایا کہ “ہم ایران کے ساتھ جنگ نہیں چاہتے ہیں”۔

العربیہ کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ 28 جنوری کو شمال مشرقی اردن میں امریکی فوجی اڈے پر حملے کے بعد سے ایران کے ساتھ کوئی “رابطے” نہیں ہیں۔ غیر رسمی یا بالواسطہ رابطے تک نہیں۔ جان کربی نے عراق اور شام میں امریکہ کی طرف سے شروع کیے گئے حملوں کی “کامیابی” کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے وضاحت کی کہ اس آپریشن میں حصہ لینے والے امریکی جنگی طیاروں نے سات مختلف مقامات پر کل 85 اہداف کو نشانہ بنایا۔ ان میں تین عراق اور چار شام میں ہیں۔”تقریباً 30 منٹوں میں 125 سے زیادہ گائیڈڈ میزائل داغے گئے۔

امریکی فوج کے مطابق جنگی طیارے نشانہ بنائے گئے علاقوں سے نکل چکے ہیں۔ جان کربی نے مزید کہا کہ امریکہ نے ایران سے منسلک اہداف کے خلاف جوابی حملے کرنے سے پہلے عراقی حکومت کو آگاہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عراقی حکومت کو اس بارے میں پیشگی مطلع کر دیا ہے۔

مزید پڑھیں: غزہ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 27,238 ہوئی

امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کے ایک سینیر اہلکار نے سی این این کو بتایا کہ امریکہ ایران کے اندر حملے نہیں کرے گا اور اس سے باہر کے اہداف پر توجہ مرکوز رکھے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS