اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے مضمون نویسی مقابلہ کا انعقاد

0

تقریباً 35 اسکولوں سے120 طلبا و طالبات نے اس مقابلے میں حصہ لیا
نئی دہلی: (یو این آئی) اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے آج اکادمی کے دفتر میں ہندوستان کی آزادی کی 75 سالہ جشن کے موقع پر اسکولی طلبا و طالبات کے لیے ہندوستان کی آزادی کی تاریخ کو ملحوظ رکھتے ہوئے مضمون نویسی مقابلہ برائے سیکنڈری زمرہ (نویں و دسویں جماعت) اور سینئر سیکنڈری زمرہ (گیارہویں اور بارہویں جماعت)کا انعقاد کیا گیا جس میں دہلی کے سرکاری ، سرکاری امداد یافتہ اور سرکار سے منظورشدہ تقریباً 35 اسکولوں کے 120 طلبا و طالبات نے اس مقابلے میں حصہ لیا۔ اس مقابلے میں دونوں زمرہ کے لیے 6-6 عنوانات دیے گئے تھے جن میں سے کسی ایک عنوان پر طلبا و طالبات کو کم از کم چار سو الفاظ پر مشتمل مضمون لکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس موقع پر اکادمی کے وائس چیئرمین حاجی تاج محمد اور اکادمی کی گورننگ کونسل کے ممبران میں محترمہ رخسانہ ، مسٹر اسرار قریشی اور مسٹر نفیس منصوری موجود تھے۔ وائس چیئرمین اکادمی حاجی تاج محمد نے کہا کہ اس مقابلے سے طلبا کو لکھنے کی تحریک ملے گی اور ایسے مقابلے اچھے قلمکار بننے میں معاون ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ مضمون نویسی کا مقابلہ ہو یا دیگر مقابلے ان مقابلوں سے طلباوطالبات میں صلاحیتیں پیداہوتی ہیں،ان کی خوابیدہ صلاحیتیں بیدارہوتی ہیں اور انھیں حوصلہ ملتاہے۔ اردواکادمی،دہلی ان ہی مقاصدکے حصول اور اردو کے فروغ کے لیے اس طرح کے مقابلے منعقدکراتی ہے ۔ انھوں نے کہا کہ اس مقابلوں کے نتائج کا جلد ہی اعلان کی جائے گا اورمنتخب طلبا و طالبات کے مضامین اکادمی کے رسالے ’’بچوں کا ماہنامہ امنگ‘‘ اگست 2022 کے خصوصی شمارے میں شائع کیے جائیں گے۔
اسی سلسلے میں کل بروز اتوار اردو اکادمی، دہلی کے دفتر میں پینٹنگ مقابلہ برائے مڈل، سیکنڈری و سینئر سیکنڈری زمرہ انعقاد کیا جائے گا جس کے ہر زمرے میں دو دو طالب علم شرکت کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS