یکساں سول کوڈ کے نفاذ کے لئے یوپی سرکار سنجیدہ: موریہ

0

لکھنئو (پی ٹی آئی) اتراکھنڈ کے بعد یوپی میں بھی یکساں سول کوڈ نافذ کرنے کی بحث شروع ہو گئی ہے۔ اترپردیش کے نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ نے ہفتہ کو اس کی جانکاری دی۔ موریہ نے کہا کہ کامن سول کوڈ اس ملک اور یوپی کےلئے ضروری ہے اور اس سمت میں اترپردیش سرکار سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔ کیشو پرساد موریہ نے ہفتہ کو میڈیا سے کہا کہ ’ایک ملک میں ایک قانون سب کےلئے ہو، اس کی ضرورت ہے۔‘انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ الگ الگ لوگوں کےلئے الگ الگ قانون کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اترپردیش سرکار بھی اس سمت میں سنجیدگی سے غور کر رہی ہے اور جس طرح سے اتراکھنڈ سرکار نے اپنے قدم بڑھائے اسی طرح سے اترپردیش میں بھی …۔‘ موریہ نے کہا کہ ’ملک کی دیگر ریاستوں میں جہاں بی جے پی کی سرکاریں ہیں، وہاں بھی اور جہاں غیر بی جے پی سرکاریں ہیں وہاں بھی، اگر سب کا ساتھ سب کا وکاس چاہیے تو کامن سول کوڈ ضروری ہے اور یہ ایسی چیز ہے جس کی سب کو مانگ کرنی چاہیے۔
اور سب کو خیر مقدم کرنا چاہیے۔‘ موریہ نے طنز کیا کہ ’ہر جگہ جب ووٹ بینک کی بات آئے گی تو یقینی طور پر اس کے سامنے منھ بھرائی کی سیاست دکھائی دیتی ہے لیکن ہم اس کے (منھ بھرائی کے) حق میں نہیں ہے۔‘

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS