ماتو شری پر ہنومان چالیسا تنازع :روی اور نونیت رانا گرفتار

0

ممبئی (پی ٹی آئی) : ممبئی پولیس نے رکن اسمبلی روی رانا اور ان کی رکن پارلیمنٹ بیوی نونیت رانا کو مضافاتی علاقہ کھار میں واقع ان کی رہائش گاہ پر دن بھر چلنے والی ہنگامہ آرائی کے بعد اپنی سیکورٹی میں گھر سے باہر نکالا اور ’الگ الگ گروپوں میں کشیدگی پیدا‘ کرنے کے الزام میں ہفتہ کی شام کو گرفتار کرلیا۔ اس جوڑے کے ذریعہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ اودھو ٹھاکرے کی نجی رہائش گاہ ’ماتو شری‘ کے سامنے ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرنے کا منصوبہ ملتوی کرنے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا۔ مغربی ممبئی میں واقع کھار پولیس تھانہ کے افسر نے بتایا کہ رانا جوڑے کے خلاف انڈین پینل کوڈ کی دفعہ 153اے (الگ الگ کمیونٹی میں مذہب، زبان وغیرہ کے نام پر کشیدگی پیدا کرنا) اور ممبئی پولیس ایکٹ کی دفعہ 135کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔
وہیں ناگپور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے کہا کہ شیوسینا کے زیر قیادت مہاراشٹر سرکار ’بہت ہی طفلانہ‘ طریقے سے پورے معاملے سے نمٹی ہے۔ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فڑنویس نے کہا کہ ریاستی سرکار اسے بی جے پی کے ذریعہ اسپانسرڈ بتاکر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’اگر رانا جوڑے کو وہاں (ماتو شری) پر ہنومان چالیسا کا پاٹھ کرنے دیتے تو کوئی خبر نہیں بنتی۔ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ اتنے سارے لوگ کئی جگہوں پر کیوں اکٹھا ہوئے تھے، جیسے لگ رہا تھا کہ وہ (رانا جوڑا) پر کوئی حملہ کرنے کی سازش کررہے تھے۔ یہ کس طرح کی سیاست ہے؟ ‘ اس سے قبل شیوسینا کارکنوں نے اس عمارت کو گھیر لیا تھا جہاں پر رانا جوڑا رہتے ہیں اور ان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔ روی رانا رکن اسمبلی ہیں اور نونیت رانا ممبر پارلیمنٹ ہیں۔ پولیس حکام نے جوڑے کو مغربی ممبئی واقع کھار پولیس تھانہ چلنے کے لئے پہلے راضی کیا۔ شروعات میں جوڑے کو پولیس کے ساتھ بحث کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ جوڑے نے کہا کہ وہ تب تک نہیں جائیں گے جب تک کہ ان شیوسینا لیڈروں کے خلاف بھی مجرمانہ مقدمہ درج نہیں کیا جاتا جنہوں نے انہیں ’مبینہ‘ دھمکی دی ہے۔ نونیت رانا نے پولیس سے وارنٹ بھی دکھانے کا مطالبہ کیا۔ حالانکہ بعد میں وہ عمارت سے نکلنے کے لئے تیار ہوئیں اور جوڑا دوپولیس گاڑیوں میںسوار ہوا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS