اعظم خان کی عید جیل میں،ضمانت پر سماعت 4 مئی کو

0

لکھنئو (ایجنسیاں) ایس پی ممبراسمبلی اعظم خان سیتا پور جیل میں بند ہیں اور ان کی رہائی کے لئے باہر سیاسی ہنگامہ برپا ہے۔ جیل سے الیکشن لڑنے والے اعظم خان کو باہر آنے کے لیے مزید انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ فی الحال عید تک ان کی ضمانت نہیں ہو سکے گی۔ ان کی ضمانت پر الٰہ آباد ہائی کورٹ میں 4 مئی کو سماعت ہوگی۔ ایسے میں ضمانت کی امید لگائے بیٹھے اعظم خان کے لیے اسے بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے۔دراصل حکومت نے اعظم خان کی درخواست ضمانت پر ایک نئی دلیل دی ہے۔ حکومت نے اس معاملے میں نئے حقائق پیش کرنے کے لیے عدالت سے مزید وقت مانگا ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 4 مئی کو ہوگی۔ یوپی حکومت کی اس دلیل کے بعد اعظم خان کی عید جیل میں ہی ہوگی۔ یوپی حکومت کی جانب سے الٰہ آباد ہائی کورٹ میں درخواست داخل کی گئی جس میں کہا گیا کہ 4 دسمبر 2021 کو اعظم خان کی درخواست ضمانت پر سماعت مکمل ہوئی، ساڑھے 4 ماہ گزر چکے ہیں۔ اس دوران کئی نئے حقائق سامنے آئے ہیں جنہیں حکومت عدالت کے سامنے رکھنا چاہتی ہے۔ ہائی کورٹ نے حکومت کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے اگلی سماعت کے لیے 4 مئی کی تاریخ مقرر کی۔