نہرو گاندھی خاندان میں اتحاد وقت کی ضرورت

0

عزیز قریشی
آج بہت سالوں بعد مجھے ٹیلی ویژن چینلوں کے ذریعہ تازہ ہوا کا احساس ہوا۔ مینکا گاندھی وزیراعظم نریندر مودی جی اور امت شاہ جی کے سنہری کارناموں پر ناراض ہورہی تھیں، وہ بہت غصے میں ان دونوں پر حملہ آور ہیں۔ ان دونوں نے شاندار ریکارڈ اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کی ان بنیادوں کو برباد کردیا جن کو عظیم شخصیت جواہر لعل نہرو نے رکھا تھا۔ انہوںنے جواہر لعل نہرو کی سیکولر، سوشلسٹ ، جمہوری اقدار اور فلسفہ کو بیچ ڈالا جن کے ذریعہ وہ سماج میں غیر برابری ، ناانصافی، استحصال ، ضعیف الاعتقادی ، جہالت کو ختم کرناچاہیے تھے۔ انہوںنے زمینداری نظام کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ انہوںنے سرمایہ داری نظام، راجواڑوں، نوابوں، زمینداروں ، جاگیرداروں اور بڑی بڑی زمین پر قبضہ کرنے والوں کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ جواہر لعل نہرو نے ملی جلی معیشت کے نظریہ کی اصطلاح وضع کی اور اس نظریہ کو فروغ دیا۔
جواہر لعل نہرو کے خوابوں اور حصولیابیوں کو نریندر مودی جی نے خاک میں ملا دیا تھا۔
ان کے خواب اور مستقبل کی منصوبہ بندی دو پسندیدہ سرمایہ داروں کو فروخت کردئیے گئے اور پورا ملک گروی رکھ دیا گیا ہے۔ یہ بات مینکا گاندھی نے اپنے بیان میں ٹیلی ویژن چینل پر کہی یہ ان کی آنکھوں میں آنسوں تھے۔ ان کو اس بات پر افسوس تھا کہ انہوںنے بی جے پی کے لیے خدمات انجام دیں ان کی محنت ، ان کا اخلاص اس ناشکری پارٹی میں برباد ہوگیا ہے یہاں تک کہ انہوںنے ان خدمات کے لیے اپنے خاندانی تعلقات کو قربان کردیا۔ جس وقت وہ بات کررہی تھیں تو مجھے صاف نظرآرہا تھا کہ ان کے آنسوئوں میں خون اور محنت کی بربادی کا کرب صاف جھلک رہا تھا۔ ان کی آنکھوں میں افسوس اور ملامت نظرآرہا تھا۔ مینکا جی !میں آپ کو سلام کرتا ہوں کہ آپ نے بہت جرأتمندی کے ساتھ ملک کو لوٹنے اور برباد کرنے والی اور جھوٹی ترین حکومت کو طشت ازبام کیا ہے۔ اگر چہ میرا یہ کہنا حد سے تجاوز ہوگا کہ اگر نہرو گاندھی خاندان نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہوجاتے تو وہ دن دور نہیں جب یہ انتشار پیدا کرنے والی قوتیں جو نفرتیں پھیلا رہی ہیںاور اقلیتوں اور کمزوروں کو پریشان کررہی ہیں، جلد گہرے سمندر میں غرقاب ہوجائیں گی۔ میں راہل جی سے ادب سے درخواست کروںگا کہ وہ اپنی چچی سے بات کریں اور ان کی دعائیں لیں اور بھارت جوڑو یاترا کے لیے آشیرواد لیں اور مینکا گاندھی اور ورن گاندھی کو چاہیے کہ وہ بھی ان کو ہر ممکن تعاون دیں۔ اسی طرح مینکا گاندھی جی کو بھی چاہیے کہ وہ سونیاجی سے نیک خواہشات حاصل کریں، اور ورن گاندھی کو بھی سب کی دعائوں کی ضرورت ہے، دعائیں لیں۔
میری خواہش اور دعا ہے کہ نہرو گاندھی خاندان میں آپس میں اتحاد ہوجائے اور یہ مل کر’ ہندوستان کی کھوج‘ کو دوبارہ لکھ سکتے ہیں۔
میں خدا سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ان تمنائوں کو پورا کرے۔ آمین
(مضمون نگار اترپردیش ، اتراکھنڈ اور میزورم کے گورنررہ چکے ہیں۔ )

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS