اقوام متحدہ کے سربراہ کا روس اور یوکرین کے دورے کا فیصلہ

0

نیویارک(ایجنسیاں) : سکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس آئندہ ہفتے روس اور یوکرین کا دورہ کریں گے اور دونوں ممالک کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔رپورٹ کے مطابق روسی فوج کے یوکرین پر حملے دو ماہ سے جاری ہیں۔ ماریپول شہر مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے جب کہ دارالحکومت کیف کے قصبے سے اجتماعی قبر بھی برآمد ہوئی تھی۔عالمی طاقتوں کی جانب سے روس پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کی گئی ہیں، اس کے باوجود روسی فوج نے حملوں کا سلسلہ بند نہیں کیا جس کے بعد اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے روس اور یوکرین کے دورے کا فیصلہ کیا ہے۔ سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس منگل کے روز روس جائیں گے اور صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ روسی وزیر خارجہ سرگئی لارووف کے ساتھ ظہرانے میں شرکت کریں گے۔انتونیو گوتریس کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ سیکرٹری جنرل روسی صدر سے ملاقات کے بعد جمعرات کو یوکرین پہنچیں گے اور صدر وولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔ دونوں ممالک کے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ہمراہ ان کا وفد بھی ہوگا۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل دونوں ممالک کے سربراہان سے ملاقات میں جنگ بندی کے لیے کوئی راستہ نکالنے کی کوشش کریں گے۔خیال رہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے یوکرین میں روسی فوج کے شہریوں اور شہری املاک پر حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ کارروائیاں جنگی جرائم کے ذمرے میں آسکتی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS