روس یوکرین جنگ: صدر زیلینسکیکی جانب سے ماہانہ7 ارب ڈالر امداد کا مطالبہ

0

روس (ایجنسیاں) : یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے مغربی ممالک سے کہا ہے کہ ان کے ملک کو ماہانہ سات ارب ڈالر کی مدد درکار ہے جس کے بغیر ملک چلانا نا ممکن ہو گا۔ روس کے خلاف جنگ کے دوران صدر زیلینکسی نے جمعرات کے روز آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی کانفرنس سے ویڈیو لنک پر خطاب کے دوران کہا کہ جنگ کے بعد تعمیر نو کے لیے سیکڑوں ارب ڈالر مزید درکار ہوں گے۔ یہ مطالبہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یوکرین کی فوج کے مطابق مشرق کے تمام محاذوں پر روس کی افواج کے حملوں میں تیزی آئی ہے جن میں زریچنی، روبیزہنی، پوپاسنایا، نووتوشکوسکوی اور مارینکا شامل ہیں۔ یوکرین کے صدر زیلینسکی نے دعوی کیا ہے کہ روس نے مشرق میں تقریباً 40 دیہاتوں پر قبضہ بھی کیا ہے لیکن ان کے مطابق یہ عارضی ثابت ہو گا۔یوکرین کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ اب تک اس بات کی امید ہے کہ کوئی پر امن حل تلاش کیا جا سکے گا باوجود اس بات کے کہ روس نے جنگ بندی کی ایک حالیہ تجویز کو رد کر دیا تھا۔یوکرین کے لیے ایک اور بڑا مسئلہ ماریپول شہر کا بھی ہے جہاں روس کی فوج نے ایک بڑی سٹیل فیکٹری ازووسٹال کا محاصرہ کیا ہوا ہے۔ اس فیکٹری میں یوکرین کے سینکڑوں فوجی پھنسے ہوئے ہیں۔ ماریپول کے میئر کے مطابق تباہ حال ماریپول میں اب بھی تقریبا ایک لاکھ افراد موجود ہیں جن کی زندگی اب روس کے صدر پوتن کے ہاتھ میں ہے۔یوکرین نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ سٹیل فیکٹری پر قبضے کی کوشش کے دوران روس کی فوج نے عام شہریوں کی پناہ گاہوں پر بمباری کی اور ایسے ہتھیار استعمال کیے جو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ممنوعہ سمجھے جاتے ہیں جن میں فاسفورس بم اور کلسٹر ایمونیشن شامل ہے۔روس کی جانب سے ان الزمات کو رد کیا گیا ہے لیکن یوکرین کے ساتھ ساتھ برطانیہ اور امریکہ کی جانب سے بھی ماریپول میں ممکنہ طور پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔واضح رہے کہ بی بی سی ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔یوکرین کی فوج کے مطابق روس کی فوج نے خارخیو شہر کا بھی جزوی محاصرہ کر رکھا ہے۔ان کے مطابق روسی فوج کی کوشش ہے کہ خارخیو صوبے میں ازیئم شہر سے جنوب کی جانب جا کر ڈنباس علاقے میں یوکرین کی فوج کو گھیرا جا سکے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS