’آپریشن گنگا‘میں پاکستان کا تعاون

0

یوکرین سے ہندوستانیوں کی واپسی کیلئے کھولا اپنا ایئر اسپیس
نئی دہلی (ایجنسیاں) : یوکرین میں روس کے حملے کے درمیان ہندوستان وہاں پھنسے طلبا کو نکالنے میں مصروف ہے۔ اس میں پاکستان ہندوستان کی مدد کر رہا ہے۔ ایئر انڈیا کی فلائٹ سے طلبا ہندوستان آ رہے ہیں۔ پائلٹ نے بتایا کہ یوکرین کی سنگین صورتحال کو دیکھتے ہوئے سبھی ایک دوسرے کی مدد کر رہے ہیں۔ ہندوستانی طلبا کو رومانیہ اور ہنگری کے راستے ہندوستان لایا جا رہا ہے۔ رومانیہ کے بخاریسٹ سے ایئر انڈیا کی ایک فلائٹ AI-1942 اتوار کو ہی دہلی پہنچی۔ اس فلائٹ کو اسپیشل چارٹرڈ فلائٹ کے طور پر آپریٹ کیا گیا تھا۔ طیارہ کے پائلٹ کیپٹن اچنت بھاردواج نے بتایا کہ پاکستان سمیت سبھی ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) نے ایویکویشن مشن میں ساتھ دیا ہے۔ کیپٹن بھاردواج نے کہا کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہمیں رومانیہ سے لے کر دہلی تک، تہران کے راستے پاکستان تک سبھی اے ٹی سی نیٹ ورک نے تعاون دیا۔ پاکستان نے بھی ہمیں بغیر سبب پوچھے ہی راست فضائی راستہ دیا۔ اس سے وقت بھی بچا۔ ہم رومانیہ کے راستے پرواز نہیں کرتے، لیکن اے ٹی سی اور سرکار کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن رہا۔ آپریشن گنگا کے تحت اب تک مجموعی طور پر 709 طلبا یوکرین سے ریسکیو کیے گئے ہیں۔ 240 ہندوستانی شہریوں نے ہنگری کے بڈاپیسٹ سے بھی اڑان بھری ہے۔ اس سے قبل ہفتہ کے روز رومانیہ سے پہلی فلائٹ 219 ہندستانی طلبا کو لے کر ممبئی پہنچی تھی۔ رومانیہ کی خصوصی پرواز کیلئے 5پائلٹ، 14 کیبن کرو، 3 طیارہ انجینئر اور 2 سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں لندن میں آنے والے بھیانک طوفان میں ایئر انڈیا کے ہندوستانی پائلٹ اچنت بھاردواج نے فلائٹ کی محفوظ اور جرأت مندانہ لینڈنگ کرا کے سبھی کو چونکا دیا تھا۔ مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی جیوترادتیہ سندھیا اور وزیر مملکت برائے امور خارجہ وی مرلی دھرن نے دہلی ہوائی اڈہ پر یوکرین سے محفوظ نکالنے گئے ہندوستانی شہریوں کا خیر مقدم کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS