پوتن نے دیا روس کی جوہری فورسز کو الرٹ رہنے کا حکم

0
News Text Area

روسی قدم ناقابل قبول:امریکہ، جوہری دھمکی خطرناک:ناٹو،عرب لیگ کاہنگامی اجلاس طلب
ماسکو/ واشنگٹن/ قاہرہ (ایجنسیاں) : روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے روسی افوج کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنی اسٹریٹجک جوہری فورسز کو خصوصی الرٹ پر رکھیں۔ پوتن نے کہا ہے کہ پیارے ساتھیو! آپ نے دیکھا کہ مغربی ممالک نہ صرف ہمارے ملک کے خلاف غیر دوستانہ اقدامات کرتے ہیں، بلکہ ان غیر قانونی پابندیوں کا اطلاق بھی کرتے ہیں، جن کے بارے میں ہر کوئی جانتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ناٹو کی سربراہی کرنے والے ممالک ہمارے ملک کے خلاف جارحیت سے بھرپور بیانات کی بھی اجازت دیتے ہیں اور اسی لیے میں وزیر دفاع اور جنرل اسٹاف کے سربراہ کو حکم دیتا ہوں کہ وہ جوہری فورسز کو خصوصی الرٹ پر رکھیں۔دوسری جانب امریکہ نے روس کے صدر پوتن کی جانب سے جوہری فورسز کو ’خصوصی‘ الرٹ پر رکھنے کے بیان پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے اسے ’مکمل طور پر ناقابل قبول‘ قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ میں امریکہ کی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے امریکی چینل سی بی ایس کو انٹرویو میں کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ صدر پوتن اس جنگ کو اس انداز میں بڑھانے جا رہے ہیں، جو مکمل طور پر ناقابل قبول ہے اور ہمیں ان کے اقدامات کو ہر ممکنہ طریقے سے دبانے کا سلسلہ جاری رکھنا ہو گا۔ادھروہائٹ ہاؤس کی پریس سکریٹری جین پساکی نے کہا ہے کہ روس کو کسی بھی موقع پرناٹوسے خطرہ نہیں رہا۔روسی صدر ناٹوسربراہان پر الزم عائد کرتے ہیں کہ وہ روس کے خلاف ’جارحانہ بیانات‘ کی اجازت دیتے ہیں، تاہم روسی صدر کا یہ متوقع ردعمل ہے، جبکہ ناٹوکے سربراہ جینس اسٹولٹن برگ نے کہا ہے کہ صدر پوتن کا روسی فوج کو اپنی جوہری فورسز الرٹ رکھنے کا حکم ’خطرناک‘ اور ’غیر ذمہ دارانہ‘ ہے۔انہوں نے سی این این کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ روسی صدر کی دھمکی یوکرین کے خلاف جارحیت کو بڑھاوا دیتا ہے۔ادھر مصر نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے عرب ممالک کی کونسل عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے ۔ یہ اطلاع مصری وزارت خارجہ نے اتوار کے روز دی۔وزارت نے کہا کہ عرب جمہوریہ مصر نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیلئے نمائندہ سطح پر عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس بلایا ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS