لاک ڈاؤن سے معاشی حالت خراب ہوگی، ہم متحد ہوکرکورونا سے لڑیں گے: ادھو
پونے (ایجنسیاں) :مہاراشٹر کے وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ ہمیں متحد ہوکر تحمل سے کورونا سے لڑنا ہے۔ لاک ڈاؤن سے معاشی صورتحال خراب ہوتی ہے۔فی الحال لاک ڈاؤن تو نہیں لگے گا لیکن حالات انتہائی خطرناک ہیں، لوگ بھی لاپروائی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔اگر حالات مزید خراب ہوئے تو ہمارے پاس وسائل کم پڑجائیں گے۔ جلد ہی لاک ڈاؤن 2- لگائے جانے کے بارے میں غور کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ ہم کوئی بھی چیز چھپا نہیں رہے ہیں اور چھپانا بھی نہیں چاہتے۔ ہم سچ ہی لوگوں کے سامنے رکھ رہے ہیں۔ میری ذمہ داری مہاراشٹر کے عوام کیلئے ہے۔ ریاست کے وزیراعلیٰ نے یہ بات اس وقت کہی، جب جمعرات کو 43183 نئے معاملے سامنے آئے اور اس کے بعد وزیراعلیٰ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی، جس میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور کئی میونسپل کارپوریشن کے افسران شامل تھے۔ میٹنگ کے بعد انہوں نے ، جیساکہ قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ ریاست میں بڑے پیمانے پر لاک ڈاؤن کے نفاذ کا اعلان کیا جاسکتا ہے، لیکن اس طرح کا کوئی بھی اعلان وزیراعلیٰ نے نہیں کیا۔ البتہ انہوں نے ٹیسٹ پر زوردیا۔ اس دوران پونے میں منی لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا ہے۔ پونے کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہے اور یہاں اس انفیکشن کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ کورونا کی بے قابو صورت حال کے پیش نظر انتظامیہ نے یہاں ایک ہفتہ کا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جمعہ کے روز انتظامیہ نے اعلان کیا کہ ضلع بھر میں ایک ہفتہ تک ہر روز 12 گھنٹوں کیلئے کرفیو نافذ رہے گا۔ کل ہفتہ کے روز سے یہ حکم نافذ ہو جائے گا اور اگلے جمعہ تک صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد آگے کیلئے فیصلہ لیا جائے گا۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پونے کے ڈویزنل کمشنر سوربھ راؤ نے جمعہ کے روز بتایا کہ اگر 7 دنوں کیلئے ہوٹل، بار، شاپنگ مال، فلم تھیٹر اور مذہبی مقامات بند رہیں گے۔ اس مدت میں ادویات اور دوسری ضروری اشیا کی بھی صرف ہوم ڈلیوری ہی کی جا سکے گی۔
ریاست میں صرف پونے میں ہی لاک ڈاؤن نہیں لگایا گیاہے، بلکہ نندور بار 31مارچ سے 15اپریل، ناندیڑ میں 25مارچ سے 4اپریل اور بیڈ میں 26 مارچ سے 4اپریل تک لاک ڈاؤن لگاہواہے، جبکہ ممبئی کے سلسلے میں یہ حکم صادر ہوچکا ہے کہ جہاں بھی 5 سے زیادہ نئے معاملے سامنے آئیں گے، سوسائٹی سیل کردی جائے گی۔واضح رہے کہ مہاراشٹرا کورونا کے فعال معاملات کے معاملے میں سرفہرست ہے اور ریاست میںگزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 10293فعال معاملات بڑھ کر 367897ہو گئے ہیں۔گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ، ریاست میں 32631 مزید مریض صحت یاب ہوئے ہیں، جس کے ساتھ کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد 2433368ہوگئی ہے، جبکہ 249مزید مریضوں کی اموات سے یہ تعداد بڑھ کر 54898 ہوگئی ہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS