انڈر19 ایشیا کپ :ہندوستان کی یو اے ای کے خلاف 154 رن کی بڑی جیت

0

دبئی (یو این آئی) : آل راؤنڈر راج وردھن ہنگرگیکر (48 رن، تین وکٹیں ) کی آل راونڈ کارکردگی اور اور ہرنور سنگھ (120) کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے جمعرات کے روز یہاں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف 154 رن کی بڑی جیت کے ساتھ ایشیا انڈر 19 ورلڈ کپ 2021 مہم کا شاندار آغاز کیا۔ ہندوستان نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہرنور کی سنچری اور کپتان یش دھول کی نصف سنچری کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 282 رنز کا چیلنجنگ اسکور بنایا جس کے جواب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 34.3 اوورز میں 128 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ تیز گیند باز راج وردھن نے خطرناک گیندبازی کرتے ہوئے نو اوورز میں 24 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل انہوں نے بلے بازی میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 23 گیندوں پر 48 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ گرو سنگوان، وکی اوستوال اور کوشل تامبے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ہندوستانی گیند بازوں نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کیں جس کی وجہ سے یو اے ای ات کی ٹیم کو میچ میں واپسی کا موقع نہیں ملا۔ سلامی بلے باز کائی اسمتھ نے شاندار بلے بازی کی لیکن وہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 45 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ان کے علاوہ نچلے آرڈر کے بلے باز سوریا ستیش نے تھوڑی کوشش کی لیکن وہ ایل بی ڈبلیو ہو کر واپس لوٹ گئے ۔ہندوستان کی جانب سے ہرنور نے 130 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنائے جبکہ کپتان یش دھول نے 68 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے 63 رن بنائے ۔ اس کے علاوہ آل راؤنڈر راج وردھن نے 48 اور شیخ رشید نے 35 رن کا تعاون دیا۔ ہندوستان کی مجموعی طور پر پانچ وکٹیں گریں، جس میں دو رن آؤٹ ہوئے ۔ کپتان عالیشان شرافو نے دو جبکہ افضل خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS