جموں کشمیر: کورونا میں مبتلا دو خواتین کی موت، کل تعداد 78 ہوئی

    0

    وادی کشمیر میں کورونا متاثرہ دو خواتین کی ہفتے کی صبح موت واقع ہونے کے ساتھ اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 78 ہو گئی ہے۔ اسپتال برائے امراض سینہ سری نگر کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم ٹاک نے بتایا کہ سری نگر کے صفا کدل علاقے سے تعلق رکھنے والی کورونا متاثرہ 40 سالہ خاتون کی ہفتہ کی صبح موت واقع ہوگئی۔
    انہوں نے کہا کہ متوفی خاتون کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد شری مہاراجہ ہری اسپتال سری نگر سے یہاں منتقل کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر نے بتایا کہ متوفی خاتون عارضہ قلب اور ذیابیطس میں بھی مبتلا تھی۔ قبل ازیں ضلع پلوامہ کے تجن علاقے سے تعلق رکھنے والی55 سالہ خاتون کی شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ سری نگر میں موت واقع ہوئی۔
    سکمز کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے بتایا کہ پلوامہ کے تجن علاقے سے تعلق رکھنے والی کورونا متاثرہ 55 سالہ خاتون کی یہاں ہفتے کی علی الصبح موت واقع ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ متوفی خاتون کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال سے چار روز قبل یہاں منتقل کیا گیا تھا اور وہ دماغ کے ٹیومر میں مبتلا تھی اور ہفتہ کی صبح اس کا حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی۔
    ان دو خواتین کی موت کے ساتھ جموں وکشمیر میں کورونا سے متعلق اموات کی اب تک مجموعی تعداد 78 ہوگئی ہے جن میں سے 69 کا تعلق کشمیر سے ہے جبکہ نو جموں کے رہنے والے ہیں۔ وادی کشمیر میں ضلع سری نگر میں اب تک کورونا سے متعلق سب سے زیاد 19 اموات درج ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہمولہ ہے جہاں اب تک 13 افراد کی اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت واقع ہوئی ہے۔ ضلع شوپیاں میں دس، کولگام میں آٹھ،، اننت ناگ میں چھ، کپوارہ میں پانچ، بڈگام اور پلوامہ میں تین تین اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا کے سبب ہلاک ہو گئے ہیں۔ 

     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS