انقرہ: (یو این آئی): ترکی طیاروں نے شام میں فضائی حملے کیے ہیں، جن کے نتیجے میں شامی فوجیوں سمیت 25 افراد ہلاک ہو گئے۔ عرب نیوز کے مطابق ترکیہ کے جنگی طیاروں نے منگل کو صوبہ حلب کے مشرق میں واقع عین العرب کے مغربی دیہی علاقوں میں شدید راکٹ باری کی، جس کے نتیجے میں ایک بچہ سمیت پچیس افراد ہلاک ہوگئے۔ترک جنگی طیاروں نے علاقے کے دیگر مقامات پر بھی بمباری کی، جس میں ترکیہ کی فضائیہ نے عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
شامی فورسز نے بھی ترکیہ کے فوجی ٹھکانوں پر جوابی حملے کا دعویٰ کیا ہے۔ شامی ڈیموکریٹک فورسز کی کرد ملیشیا نے صوبہ سانلیؤرفا میں ترک فوجی سرحدی چوکی پر مارٹر حملے کا جواب دیا جس میں ایک فوجی ہلاک اور چار زخمی ہوئے۔مارٹر حملے کے بعد ترک فورسز نے عین العرب کے علاقے میں اہداف پر جوابی فائرنگ کی، انقرہ میں وزارت دفاع کے مطابق اس حملے میں 13 دہشت گرد مارے گئے۔
واضع رہے ترک صدر رجب طیب اردوان نے شمالی شام میں 30 کلو میٹرطویل محفوظ علاقہ بنانے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے تحت کرد اکثریتی شہر عین العرب اور امریکا کی حمایت یافتہ شامی جمہوری فورسز کے زیر قبضہ دیگر قصبوں میں کارروائی کی جائے گی۔