ہے دل پہ نقش کالحجر، حضور آپؐ کی عطا…

0

ہے دل پہ نقش کالحجر، حضور آپؐ کی عطا
زمیں میں بیج میں نے بودیا فقط کہ شوق تھا
شجر ہوا یہ باثمر، حضور آپؐ کی عطا
میں بے بصر، میں بے خبر، مگر مجھے بنادیا
بصیرتوں کا تاجور، حضور آپؐ کی عطا
میں چن رہا تھا سنگ ریزے جہل کے سبب مگر
بنے وہ قیمتی گہر، حضور آپؐ کی عطا
مخاصمت بھی ہوگئی، درود پاک کا اثر
بصد وجوہ بے ضرر، حضور آپؐ کی عطا
لبِ ادب کو چھو کے حرف نار سا بھی ہوگیا
بلیغ اور معتبر، حضور آپؐ کی عطا
نگاہِ نور قدس سے ہوئے جو کم سواد تھے
وہ نکتہ بین و دیدہ ور، حضور آپؐ کی عطا
کھلیں جو زلف مشک بو تو شام تار ہوگئی
سمٹ گئیں، ہوئی سحر، حضور آپؐ کی عطا
سفر تھکا ہوا تھا راہیاؔ مگر ملا وہاں
کرم کا اک گھنا شجر، حضور آپؐ کی عطا
ڈاکٹرراہی فدائی

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS