عالمی ادارۂ صحت کی اومیکرون سے نہ گھبرانے کی اپیل

0

جینوا: (یواین آئی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔ ادارے کی چیف سائنٹسٹ سوامیا سوامی ناتھن کے مطابق اگرچہ یہ درست ہے کہ اومیکرون تیزی سے پھیلنے والا ویرینٹ ہے، تاہم لوگوں کواس سے گھبرانا نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ کورونا ویکسین میں تبدیلیاں کرکے اسے اومیکرون کے خلاف مؤثرانداز میں استعمال کیا جا سکتا ہے‘‘۔ انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال اس بارے میں بھی پیش گوئی نہیں کی جاسکتی کہ اومیکرون کتنا اورکس حد تک پھیلے گا۔ ہمیں نئے ورینٹ سے گھبرانے کے بجائے اس سے بچنے کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اوربچاؤ کی مؤثر حکمت عملی بنانے کی ضرورت ہے۔ واضح رہے کہ اب تک ایشیا، افریقہ، مشرق وسطیٰ، یوروپ اور امریکہ میں کورونا وائرس کے نئے ’اومیکرون ویرینٹ‘ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں بھی پھیلتا جارہا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS