لبوں پر مُنوّر ہیں باتیں نبیؐ کی صداقت کے گوہر ہیں باتیں نبیؐ کی

0

لبوں پر مُنوّر ہیں باتیں نبیؐ کی
صداقت کے گوہر ہیں باتیں نبیؐ کی
کوئی اس میں تبدیلی آئے گی کیسے
زمانے کو ازبر ہیں باتیں نبیؐ کی
جو عاصی تھے وہ متّقی بن گئے ہیں
بڑی بندہ پرور ہیں باتیں نبیؐ کی
گماں اِن پہ ذرّہ برابر بھی کیا ہو
حقیقت سراسر ہیں باتیں نبیؐ کی
ہر اک لفظ کھولے گا دَر مغفرت کے
نبوّت کا جوہر ہیں باتیں نبیؐ کی
اِسے اوڑھنا اور بچھونا بَنا لو
حدیثوں کی چادر ہیں باتیں نبیؐ کی
جو جنّت کو جائے گا وہ جان لے گا
کہ حوروں کا زیور ہیں باتیں نبیؐ کی
جنہوں نے سنی ہیں وہ کہتے ہیں ڈٹ کر
بلند اور برتر ہیں باتیں نبیؐ کی
ہماری نظر سے جو اوجھل رہا ہے
وہ نادیدہ منظر ہیں باتیں نبیؐ کی
دکھائی تو دیتی ہیں بوندوں سی حافظؔ
مگر اک سمندر ہیں باتیں نبیؐ کی
ڈاکٹر حافظؔکر ناٹکی

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS