دہلی میں بارش اور ژالہ باری سے موسم خوشگوار

0

نئی دہلی (یو این آئی) ;دہلی اور قومی راجدھانی خطہ کے بعض علاقوں میں بدھ کو ژالہ باری اور ہلکی بارش ہوئی جس سے لوگوں کو گرمی سے راحت ملی اور انہوںنے بارش کے بعد خوشنما ماحول کا لطف لیا۔ نوئیڈا اور غازی آباد سمیت دہلی کے کئی حصوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمۂ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی میں اگلے 3 دن تک بادل چھائے رہنے کی امید ہے ۔ ذرائع کے مطابق روہنی، پیتم پورہ اور پچھم وہار میں دوپہر 2بجے ژالہ باری اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جبکہ دیگر علاقوں میں شام کو تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ دن میں تو سب سے زیادہ پیتم پورہ علاقہ میں 7.5ایم ایم بارش ہوئی جبکہ جعفر پور علاقہ میں ایک ایم ایم بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ جامع مسجد، جعفر آباد، جامعہ نگر، شاہین باغ، کھادر، کھڈا کالونی اور بدر پور علاقے، آشرم، لاجپت نگر، ساؤتھ ایکسٹینشن، گرین پارک، مالویہ نگر، ساکیت، حوض رانی وآس پاس کے دیگر علاقوں میں بھی اچھی خاصی بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات نے کہا کہ یہ صورت حال شمال مغربی ہندوستان میں مغربی ڈسٹربنس کی وجہ سے پیدا ہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ 6 روز میں درجۂ حرارت 4 سے 5 ڈگری سیلسیس تک بڑھنے کا امکان ہے ، تاہم لو نہیں چلے گی۔
محکمۂ موسمیات نے پہلے کہا تھا کہ دہلی قومی راجدھانی خطہ (لونی دیہات، ہنڈن اے ایف اسٹیشن، بہادر گڑھ، غازی آباد، اندرا پورم، چھپرولا)، نوئیڈا، دادری، گریٹر نوئیڈا اور گروگرام کے ملحقہ علاقوں میں زیادہ تر مقامات پر 30-40 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چلے گی اور ہلکی سی درمیانی بارش ہوسکتی ہے ۔محکمۂ موسمیات کے مطابق دہلی میں کم از کم درجۂ حرارت 28.8ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 4 ڈگری سیلسیس زیادہ ہے جبکہ اوسط زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39.1ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیاگیا جو معمول سے ایک ڈگری سیلسیس زیادہ رہا۔ محکمۂ موسمیات نے اپنی پیش گوئی میں کل یہاں کے درجۂ حرارت کے 40 اور 27ڈگری سیلسیس کے آس پاس بنے رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS