رجب المرجب کی فضیلت و اہمیت

0

محمدشمس تبریزقادری

اسلامی تعلیمات کے اعتبارسے مہینوں کی تعدادبارہ ہے۔جن میں چارمہینے ذی القعدہ،ذی الحجہ،محرم الحرام اوررجب المرجب بے انتہاادب واحترام اورحرمت وعظمت والے ہیں۔ رجب کا مہینہ اسلامی سال کاساتواں مہینہ ہے۔احادیث مبارکہ میں اس مقدس مہینے کی بڑی فضیلت بیان کی گئی ہے ۔جس شخص نے رجب کی پہلی رات اللہ رب العزت کی یادمیں جاگ کرگزاری اس کادل اس وقت نہ مرے گاجس وقت سب کے دل مرجائیں گے اوراللہ تعالی اسے بے شمارنیکیاں عطافرمائے گااوروہ گناہوں سے اس طرح پاک ہوجائے گاجیسے آج ہی ماں کے پیٹ سے پیداہواہواوریہ شخص سترافرادکی شفاعت کرے گاجودوزخ کے مستحق ہوچکے ہوں گے۔حضورآقاکریم ﷺ کافرمان ہے کہ رجب اللہ کامہینہ،شعبان میرامہینہ ہے اوررمضان میری امت کامہینہ ہے۔حضورنبی کریم ﷺکاارشادہے کہ جنت کی ایک نہرکانام رجب ہے جس کاپانی دودھ سے زیادہ سفیداورشہدسے زیادہ میٹھاہے اوراس نہرکاپانی اللہ تعالی ان لوگوں کوپلائے گاجنہوں نے رجب میں کم ازکم ایک روزہ رکھاہوگا۔حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایاجس نے رجب کی ستائیس تاریخ کاروزہ رکھااس کے لئے ساٹھ ماہ کے روزوں کاثواب لکھاجاتاہے یہ پہلادن ہے جس میں حضرت جبریل علیہ السلام حضورﷺ کے لئے پیغام الہی لے کرنازل ہوئے اوراسی ماہ میں حضورﷺ کومعراج شریف کاشرف حاصل ہوا۔حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ حضورﷺنے فرمایاجس نے( ماہ حرام)رجب میں تین روزے رکھے اس کے لئے نوسال کی عبادت کاثواب لکھاجاتاہے ۔حضرت عبدالعزیزبن سعیدشامی اپنے والدسے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺنے فرمایا:رجب اللہ سبحانہ وتعالی کامقدس مہینہ ہے۔جس نے ماہ رجب میں کسی ایک دن روزہ رکھاتواسے پورے ایک ماہ روزہ رکھنے کے برابرثواب عطاکیاجائیگا۔جس نے سات دن روزہ رکھااللہ تعالی جہنم کے ساتوں دروازے اس پربندفرمادے گا۔جس نے آٹھ دن روزہ رکھاجنت کے آٹھوں دروازے اس پرکھول دیئے جائیں گے۔اورجس نے دس دن روزہ رکھاتوآسمان سے ایک منادی نداکرے گاکہ(مبارک ہو) اللہ تعالی نے تجھے بخش دیاہے،لہذااب ازسرنواپنے عمل کاآغازکر۔




اورجوزیادہ رکھے گازیادہ فضائل وکمالات پائے گا۔حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا:ماہ رجب کے پہلے دن کاروزہ تیس سال (کے گناہوں)کاکفارہ ہے۔دوسرے دن کاروزہ دوسال(کی خطاؤں)کاکفارہ ہے۔ اوررتیسرے دن کاروزہ ایک سال (کی لغزشوں )کاکفارہ ہے۔پھراس کے ہردن کاروزہ ایک مہینہ(کے گناہوں)کاکفارہ ہے۔حضرت مقاتل رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہاقاف پہاڑ کے پیچھے سفیدی اورہموارچاندی کی طرح چمکدارزمین ہے جوزمین سے سات گنازیادہ بڑی ہے اس میں اس قدربہ کثرت فرشتے ہیں حتی کہ سوئی وہاں گرے توسوئی کووہاں گرنے کی جگہ نہ ملے گی کیونکہ فرشتوں سے تمام زمین بھری ہوئی ہے ان تمام فرشتوں کے ہاتھ میں ایک جھنڈاہے جس پرکلمہ لکھاہواہے۔رجب کے مہینے کی ہررات وہ فرشتے پہاڑکے اردگردجمع ہوکراللہ تعالی کے آگے زاری کے ساتھ حضورعلیہ الصلو والسلام کی امت کے لئے سلامتی کی دعاکرتے ہیں اورکہتے ہیں اے ہمارے رب !حضورعلیہ الصلو والسلام کی امت پررحم فرمااورحضورعلیہ السلام کی امت کوعذاب نہ دے۔پھرروتے ہیں اورتضرع وزاری سے دعاکرتے ہیں یہاں تک کہ اللہ تعالی فرماتاہے:تم کیاچاہتے ہو؟ وہ کہتے ہیں کہ ہم چاہتے ہیں کہ توحضرت محمدﷺکی امت کوبخش دے پھراللہ تعالی ان کوفرماتاہے کہ میں نے ان کوبخش دیاہے۔حضرت ثوبان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نبی کریم ﷺ کے ہمراہ ایک قبرستان سے گزرا۔آپ قبرستان میں کھڑے ہوکرروئے اورپھردعاکی ،میں نے رونے کاسبب پوچھا:توفرمایاکہ یہاں کے مردوں پرعذاب ہورہاتھااس لئے میں نے دعاکی اوراللہ تعالی نے ان کے عذاب میں تخفیف کردی،پھرفرمایاکہ اگریہ لوگ رجب میں ایک دن روزہ رکھتے اوررات میں نہ سوتے توقبرمیں ان پرعذاب نہ ہوتا،پھرفرمایاکہ جومسلمان رجب میں ایک دن روزہ رکھے اورایک رات جاگے اللہ تعالی اس کے نامہ اعمال میں ایک سال کے روزوں اورایک سال کی شب بیداری کاثواب لکھ دیتاہے۔




ماہ رجب المرجب کی بے شمارفضیلتیں احادیث مبارکہ میں واردہوئی ہیں جیساکہ مذکورہ بالااحادیث میں آپ نے ملاحظہ کیا۔اس مہینہ میں جس قدرہوسکے زیادہ سے زیادہ آقاکریم ﷺ پردرودپاک پڑھیں اورشب میں استطاعت بھرقضا ئے عمری ،نوافل نماز،تلاوت قرآن پاک کاکثرت سے اہتمام کریں ،اوراسی مبارک مہینے کی ستائیسوں تاریخ شب معراج میں شب بیداری کریں ،دن میں روزہ رکھیں۔اپنے خیالات وافکار کوپاکیزہ بنائیں اوربغض وحسد،کینہ،جلن،عداوت،چغل خوری،غیبت،جھوٹ جیسے گناہوں سے خودکودوررکھیں ،لاٹری،جوا،فضول کاموں سے سخت اجتناب کریں تاکہ آنے والے مہینے شعبان المعظم کی مبارک ومسعودرات شب برات میں ان چیزوں کی طرف دھیان نہ جائے اورمکمل طورپراللہ کی عبادت میں مصروف رہ سکیں ۔ اورجب رحمت،مغفرت اورجہنم سے آزادی کامہینہ ہم پرجلوہ فگن ہوتوہم سب شب وروزاپنے مالک وخالق کی رضاجوئی میں گزارسکیں۔

ہمارے واٹس ایپ گروپ میں شامل ہونے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click: https://bit.ly/37tSUNC




 

 

 

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS