مرکزی کابینہ نے وزیر اعظم کی ای بس سروس کو منظوری دی

0

نئی دہلی، (یو این آئی) مرکزی کابینہ نے آلودگی سے پاک پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کو مضبوط بنانے کے لیے 57,613 کروڑ روپے کی پردھان منتری ای-بس سروس کو منظوری دیدی ہے۔
اطلاعات و نشریات کے وزیر انوراگ سنگھ ٹھاکر نے بدھ کو یہاں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت کابینہ کی میٹنگ میں اس سلسلے میں ایک تجویز کو منظوری دی گئی۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ اس گرین ٹرانسپورٹ سروس کے لئے منظور شدہ 57 ہزار 613 کروڑ روپے کی کل رقم میں سے 20 ہزار کروڑ روپے کی رقم مرکزی حکومت برداشت کرے گی اور باقی رقم ریاستی حکومت برداشت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 169 شہروں میں سے پہلے 100 شہر اس سروس کے لیے منتخب کیے جائیں گے اور ان میں الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
مسٹرانوراگ ٹھاکر نے کہا کہ پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ پر مبنی اس اسکیم کے تحت بسوں کے چلانے کے لیے فی کلومیٹر کی شرح سے ادائیگی کی جائے گی۔ اس رقم کا فیصلہ مسابقتی بولی کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام آلودگی سے پاک ہو جائے گا۔

مسٹر انوراگ ٹھاکر نے بتایا کہ یہ اسکیم تین لاکھ یا اس سے زیادہ کی آبادی والے شہروں میں نافذ کی جائے گی۔ اس میں مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے دارالحکومتوں، شمال مشرقی علاقوں کے شہر اور پہاڑی ریاستوں کو شامل کیا جائے گا۔ ایسے شہروں کو ترجیح دی جائے گی جہاں فی الحال کوئی منظم بس سروس نہیں ہے۔ اس اسکیم سے 45 ہزار سے 55 ہزار تک براہ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت دس ہزار ای بسیں چلائی جائیں گی، جس سے ریاستوں میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم مضبوط ہوگا اور آلودگی میں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ای بس سروس کے لیے ملٹی ماڈل انٹر چینج کی سہولت، خودکار کرایہ کا نظام اور چارجنگ انفراسٹرکچر بنایا جائے گا۔
مسٹر ٹھاکر نے کہا کہ بس آپریٹروں کو ریاستی حکومتیں ادا ئیگی کر یں گی جبکہ سبسڈی مرکزی حکومت دے گی۔
یو این آئی ۔ ع خ

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS