ہریانہ میں حیوانیت کی تمام حدیں پار

0

پانی پلاپلاکر موت کے گھاٹ اتارا، ویڈیو وائرل
چنڈی گڑھ (ایجنسیاں) : ہریانہ کے مہندرگڑھ کا ایک دل دہلا دینے والا ویڈیو سامنے آیاہے۔ ایک نوجوان پر بے رحمی سے ڈنڈوں سے حملہ کیا جارہا ہے۔ ملزمین واقعہ کا ویڈیو بھی بنارہے ہیں، اس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کتنے بے خوف ہیں۔
یہ واردات 9اکتوبر کی ہے مگر ویڈیواب وائرل ہوا ہے۔ اس معاملہ میں مہندر گڑھ پولیس نے نصف درجن لوگوں کو نامزد کیا ہے اور ملزم وکی عرف پھکرہ کو گرفتار کیا ہے۔مر نے والے ہریانہ کے مہندر گڑھ کے ایک پسماندہ ذات کے طالب علم پر بے رحمی سے لاٹھی ، ڈنڈے برسانے کا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ حملے میں زخمی طالب علم نے علاج کے دوران دم توڑ دیا۔ وائرل ویڈیو میں بدمعاش حملہ کرنے کے ساتھ ہی وقفہ وقفہ سے پانی بھی پلاتے دکھائی دے رہے ہیں۔ نوجوان کا تعلق پسماندہ ذات سے ہے اور وہ بی ایس سی کی تعلیم حاصل کررہا تھا۔ بدمعاش اس کو ادھ مرا کرکے چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔ گورو کے رشتہ داروں نے اسے بعد میں اسپتال میں داخل کیا تھا، جہاں اس کی علاج کے دوران اسی دن موت ہوگئی۔ اس معاملہ میں مہندر گڑھ پولیس نے نصف درجن نامزد سمیت کئی لوگوں پر قتل کا کیس درج کیا ہے۔ ایک ملزم وکی عرف پھکارا کو گرفتار کیا گیا ہے۔ کورٹ نے اسے 2 دن کی ریمانڈ پر بھیجا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی گورو کی موت کی وجہ بے رحمی سے ہوئی پٹائی ہی بتائی گئی ہے۔ مہندر گڑھ ضلع کے گائوں بواناکا باشندہ 18سالہ طالب علم گورو یادو 9 اکتوبر دوپہر مہندر گڑھ سے بائیک پر اپنے گھر لوٹ رہا تھا۔ تبھی اسے راستہ میں گائوں مالڑا میں نہر کے پاس روی، کپتان، اجے اور موہن سمیت 10سے زیادہ لوگوں نے روک لیا۔ اس سے پہلے کہ گورو یادوکچھ سمجھ پاتا، بدمعاشوں نے اسے چاروں طرف سے گھیر لیا۔ ایک ملزم حادثہ کا ویڈیو بنا رہا تھا، باقی لوگ گورو پر لاٹھی ڈنڈے کی بوچھار کرنے لگے۔ اسے بچانے کیلئے ایک شخص آتا ہے، جسے ملزمین وہاں سے ہٹا دیتے ہیں۔ گورو ہاتھ جوڑ کر رحم کی بھیک مانگتارہا، لیکن ملزمین اس پر لگاتار حملہ کرتے رہے۔ ملزمین کچھ دیر کے بعد رک کر گورو کو پانی پلاتے ہیںاور پھر پیٹنا شروع کردیتے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ اس کے بعد بدمعاش اسے ایک ہوٹل کے پیچھے لے کر گئے ۔ یہاں بھی گورو کو بری طرح پیٹا۔ کچھ دیر بعد ملزمین فرار ہوگئے۔ گورو کے اہل خانہ اسے اسپتال لے گئے، جہاں اسی دن اس کی موت ہوگئی۔ ذرائع کے مطابق 15ستمبر کو علاقہ میں دیوی جاگرن ہورہا تھا۔ یہیں پر گورو اور روی عرف لنگڑا کے درمیان کسی بات پر کہا سنی ہوئی تھی۔ وائرل ویڈیو میں بھی روی ہی بے رحمی سے مارپیٹ اور گالی گلوج کرتا دکھائی دے رہا تھا۔ پولیس نے ملزمین کی گرفتاری کیلئے 3الگ الگ ٹیمیں تشکیل دی ہیں۔ کچھ دن قبل ایسا ہی ایک ویڈیو راجستھان کے ہنومان گڑھ پیلی بانگ کے پریم پورہ میں سامنے آیا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل ہریانہ کے میوات میں آصف نام کے ایک جم ٹرینر کا پیٹ پیٹ کر قتل کردیا گیا۔ الزام تھا کہ کچھ لوگوں نے آصف کو ’جے شری رام‘ کہنے کیلئے مجبور کیاتھا۔ایسا نہ کرنے پراسے موت کی گھاٹ اتار دیا گیا۔ تاہم پولیس نے ا س سے انکار کیا اور کہاکہ پرانی رنجش کے سبب جم ٹرینر کا قتل کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS