ڈالر کی مضبوطی سے سونا ہوا سستا

0

8مہینے میں قیمت میں 12313 روپے کی آئی گراوٹ
ممبئی : سونا اور چاندی کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ جاری ہے۔سونا گزشتہ 8مہینے میں تقریباً 12313 روپے سستا ہوچکاہے۔ گزشتہ سال 6اگست میں اس کی قیمت 56200 روپے فی 10گرام پر پہنچ گئی تھی۔ یہ 10گرام سونے کی ریکارڈ قیمت تھی۔ اس کے بعد سونے کی چمک پھیکی ہورہی ہے۔5مارچ کو سونے کی قیمت 43887روپے ہے۔ اس دوران 22فیصد گراوٹ درج کی گئی ہے۔ 13فیصد گراوٹ اس سال کے 2مہینوں میں ہی آئی ہے۔ 2021 میں اب تک سونا 6413 روپے سے زیادہ سستا ہوچکاہے۔ یکم جنوری کو یہ 50300 روپے پر تھا۔ اگر چاندی کی بات کریں تو یہ قریب 2145 روپے مہنگی ہوئی ہے۔ یکم جنوری کو چاندی 66950روپے فی کلو گرام تھی۔ اب اس کی قیمت 64805 روپے ہے۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کا دام 1692.70 امریکی ڈالر فی اونس ہوگیا۔ امریکہ میں ڈالر اور بانڈ ایلڈ میں مضبوطی سے ہفتہ بھر میں سونے کی قیمت میں 2فیصد کی گراوٹ آئی ہے۔زیادہ تر ماہرین کا ماننا ہے کہ سرمایہ کار ہمیشہ زیادہ اور محفوظ منافع چاہتے ہیں۔ یہ انہیں شیئر مارکیٹ، ایف ڈی، بانڈ اور گولڈ سے ملتا ہے۔ حالات جب معمول پر ہوں تو منافع اسٹاک مارکیٹ یا بانڈ سے ملتاہے، جب گلوبل اکنامی میں اتھل پتھل کی صورتحال بن جاتی ہے تو سرمایہ کار سونے میں سرمایہ کاری بڑھا دیتے ہیں۔ اسی وجہ سے کورونا کے دور میں سرمایہ کاروں میں سونے کی مانگ بڑھ گئی تھی۔ اس وقت اکنامی کے حالات معمول پر آرہے ہیں۔اس لیے سرمایہ کاروں کی دلچسپی سونے سے کم ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ امپورٹ ڈیوٹی کم ہونے اور ڈالر مضبوط ہونے کے سبب بھی سونے کے دام میں گراوٹ آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS