لیمو کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ سے عوام پریشان

0

محمدغفران آفریدی
نئی دہلی (ایس این بی) : ملک بھر میں تمام خوردنی اشیا کے داموں میں تیزی سے اضافہ کیا جارہاہے جس کے سبب عوام کافی پریشان ہیں۔ دراصل ابھی تک سبھی لوگوں کی زبان پر پیٹرول، ڈیزل اور کھانے کے تیل کی قیمتوں میں اضافے کی شکایت تھی لیکن اب کافی دنوں سے لیمو کی قیمتوں میں بھی بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے اور لیمو 250سے 300 روپے فی کلوتک فروخت ہورہا ہے، جس سے ہر طرف صرف لیمو کی ہی ڈیمانڈ بڑھ رہی ہے۔ راجدھانی میںبھی لیمو کے داموں میں تیزی سے اضافہ دیکھا جارہا ہے، البتہ چندروزقبل مقامی سبزی منڈی میں لیمو 20سے 30روپے کلومیں فروخت ہورہا تھا لیکن اب اس کی قیمت 250سے 300 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس کے برعکس ٹماٹر 20روپے کلو فروخت کیاجارہا ہے،لہٰذاماہ رمضان المبارک کے پیش نظر لیمو کے استعمال میں اضافہ سے لیمو کی طلب اور قیمتیں آسمان چھونے لگی ہیں۔ اس تعلق سے مقامی سبزی منڈی میں لیمو فروخت کرنے والے ایک تاجرنے نمائندے کوبتایا کہ یہاں پوری سبزی منڈی میں صرف انہی کے پاس لیمو فروخت ہورہے ہیں،کیونکہ وہ لیموتھوڑا بہت ہی آزادپور منڈی سے لارہے ہیںاور170 روپے میں خرید کر پرانی دہلی میں 250 روپے کلو میں فروخت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی وباکوروناوائرس کے سبب گزشتہ 2برسوںسے لیمو کی اچھی قیمت حاصل نہیںہورہی تھی جس کے باعث زیادہ تر کسانوں نے لیمو کے باغوں کو ختم کرکے پیازکی کھیتی شروع کردی، تاہم لیمو کی مانگ پوری نہ ہونے کی وجہ سے لیمو کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک اور لیموتاجر نے بتایا کہ آنے والے دنوں میں لیمو کی قیمت میں مزید اضافہ کا امکان ہے،کیونکہ لیموکی مانگ زیادہ ہے ، جبکہ پیداوار میںکمی آرہی ہے۔وہیںروزہ افطارمیں استعمال ہو نے سے روزہ دار وں کی چاٹ کہیں نہ پھیکی ہو تی جارہی ہے ، جس کی وجہ سے افطاری کی فروٹ چاٹ میںذائقے میںکمی آتی ہے، حالانکہ بہت سے لوگوںکا کہنا ہے کہ ہم بہت کم لیمواستعمال کررہے ہیں ،البتہ چاہے مہنگا ضرور ہے مگر فروٹ چاٹ میں ضرور ڈالتے ہیں ،کیو نکہ اس سے لذت میں مزید اضافہ ہوتا ہے ،جس کیلئے انہیں زیادہ جیب ڈھیلی کر نی پڑرہی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS