راجدھانی میں گرمی نے توڑا 10 سال کا ریکارڈ

0

نئی دہلی (ایس این بی) : راجدھانی کی گرمی نے آج ایک بار پھر ریکارڈ توڑ دیا۔ ہفتہ کو دہلی کی گرمی نے گزشتہ 10 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی محکمۂ موسمیات نے جمعرات کو دہلی کا درجۂ حرارت 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمۂ موسمیات کی اس پیش گوئی کے بعد دہلی کے لوگوں کی تشویش میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اس سے قبل موسم گرما کے آغاز کے ساتھ ہی محکمۂ موسمیات نے کہا تھا کہ اس سال شدید گرمی پڑے گی اور یہ پیش گوئی آہستہ آہستہ سچ ثابت ہونے لگی ہے۔واضح رہے کہ دہلی میں ہفتہ کی صبح معمول کے مطابق تھی لیکن جیسے جیسے دن چڑھتا گیا، ویسے ویسے درجۂ حرارت بڑھنے لگا اور آج یہاں کا عام زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت معمول سے 2 ڈگری سیلسیس زیادہ بڑھ کر 39.5 ڈگری سیلسیس پر پہنچ گیا جبکہ یہاں کم سے کم درجۂ حرارت 20.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 3 ڈگری سیلسیس کم تھا۔ محکمۂ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق اتوار کو راجدھانی میں درجۂ حرارت 41 اور 22 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہے گا اورگرم ہوائیں دن کے وقت 25-35 کلومیٹر کی رفتار سے چلیں گی۔ آج دہلی کے 7 علاقوں میں درجۂ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے اوپر ریکارڈ کیا گیا۔ محکمۂ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق گزشتہ 10 سالوں کے دوران اس دن دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 39 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ نہیں کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS