چاند، چندریان اور چند عوام

0
ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں

حمنہ کبیر
عوام کی ایک بڑی تعداد نے ایک فکر انگیز ، ذہن کو جھنجھوڑ دینے اور روح کو تڑپا دینے والا سوال سامنے رکھ دیا ہے کہ چندریان-3کی چاند پر کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کرنے سے ہندوستانی عوام کا کیا فائدہ ہوگا؟ دوراندیشی پر مبنی اس سوال نے میرا ناشتہ، کھانا یہاں تک کہ شام کی چائے حرام کردی ہے۔ کھانے کے ہر لقمے ، چائے کے ہر گھونٹ پر یہی سوال میرے سامنے آکر کھڑا ہوجاتا ہے اور میں کھانا پینا چھوڑ کر باقاعدہ کسی بھیگے ہنس کی طرح پَر ڈالے۔۔مم۔۔ مطلب۔ ۔ ہاتھ پاؤں ڈالے بس اسی سوچ میں دل و جان سے غرق ہو جاتی ہوں کہ آخر چندریان-3کی کامیابی سے عوام کا کیا فائدہ ہوسکتا ہے ؟ بہت سوچنے اور مغزماری کے بعد کچھ’فوائد‘ سامنے آئے ہیں۔ سب سے پہلا فائدہ تو یہ ہوا کہ جیسے ہی چندریان-3نے چاند کی زمین پر قدم رکھا اس کے فوراً بعد ہی ہم نے اپنے پیارے وزیراعظم نریندر مودی جی کے چہرے پر اصلی مسکراہٹ دیکھی۔ لوگ کہتے ہیں کہ ان کی ایکٹنگ بھری مسکان دیکھ دیکھ کر وہ بے زار ہوچکے ہیں۔ بے زار لوگ کیوٹنیس سے بھرپور اصلی مسکان دیکھ کر مودی جی پر فدا ہوتے ہوتے بچے۔
چندریان-3کی کامیابی سے اب دیکھئے گا کہ ٹماٹر کے دام کیسے گرتے ہیں۔ وہاں کی زمین اچھی ہوئی تو وہاں ٹماٹروں کی کھیتی باڑی بھی شروع ہوگی (ان شاء اللہ) اور خوشی کی بات تو تب ہوگی جب چاند پر موجود ایلین جلسے جلوس کریں گے، شعر و شاعری کی محفلیں سجائیں گے ۔ عین ممکن ہے کہ کسی شاعر کی بے تکی شاعری پر ٹماٹر تو ضرور چلیں گے ۔ چاند سے اگر جلسے جلوس کی آواز کے ساتھ احتجاج کی آواز بھی سنائی دی تو فوراً سے پیشتر آپ زمین پر دامن پھیلائے کھڑے ہوجائیں ، دیکھئے گا پھر کیسے دھڑا دھڑ آپ کی جھولی میں ٹماٹر گرتے ہیں۔ چاند پر پانی کی دریافت بھی تو ہمارے ہی سائنسدانوں کی محنت ہے۔ اگر وافر مقدار میں پانی موجود ہوا تو وہاں چاول اور گنے بھی اگائے جاسکتے ہیں۔ کیسا نادر خیال ہے؟ ہے نا ایک دم۔ واہ!
چندریان- 3کے چاند پر پہنچنے سے کچھ دنوں کے لئے ہی سہی ، محبوب’چاند لانے‘جیسی ایک بڑی ذمہ داری سے دستبردار ہوئے ہیں۔ کیا یہ بڑا فائدہ نہیں ؟ کبھی کبھی تو گمان ہوتا ہے کہ شاید یہی سوال ہمارے وزیراعظم نریندر مودی جی کے دماغ میں بھی گھوم رہا تھا، کہیں اسی لئے تو وہ افریقہ کی طرف نہیں ’گھوم‘گئے کہ’چاند پر پہنچنے سے ہندوستانی عوام کا کیا فائدہ؟‘اور بھائی جس بات سے عوام کا فائدہ نہ ہو اس میں وہ کچھ خاص دلچسپی لیتے ہی نہیں ہیں۔ البتہ کبھی کبھی بدگمانی ضرور ہوتی ہے کہ ان کے یہاں موجود ہونے سے یہ مشن کامیاب ہوتا بھی یا نہیں؟

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS