بلڈ پریشراور کولیسٹرول میں بھی مفید ہے امرود

0

ڈاکٹراخلاق احمد

امرود ایک نہایت لذیذ اور فوائد کے لحاظ سے نہایت عمدہ پھل ہے۔ اسکی بھی کئی قسمیںہیں۔بیرونی طور سے ہرے رنگ کا ہوتا ہے، ہرے اور سفید رنگ کا ہوتا ہے یا زرد رنگ کا ہوتا ہے۔ اندر سے گودا سفید زرد یا پھر گلابی ہوتاہے۔ ایک باہر سے بالکل سُرخ چتی دار، اور اندر کافی سخت بیج ہوتے ہیں۔ ایک امرود باہر سے ہرااور سفید اور اندر سے سُرخ اور باریک بیج ہوتے ہیں۔ یہ پھل ذائقہ میں شیریں ہوتا ہے۔ دیکھنے میں گول یا ناشپاتی شیپ کا ہوتا ہے جس کا سائز 4سے 12سینٹی میٹر ہوتا ہے۔ اس کے پتے غرارہ کرنے یا راکھ بنا کر بطور دوائی استعمال کئے جاتے ہیں ۔ قدرت نے اس لذیذ پھل کی اپنی ایک خوشبو اور ذائقہ رکھا ہے ۔ اپنے اندر صحت کیلئے بہت سے فوائد رکھنے والا یہ پھل دوسرے پھلوں پر فوقیت رکھتا ہے۔ اور اگر ہم اپنی غذا میں اسے شامل رکھیں تو یہ ہماری غذا میں ایک صحت مند اضافہ ہوگا۔پکا ہوا امرودذائقہ میں میٹھا اور ہاتھ سے ٹٹولنے پر قدرے نرم محسوس ہوگا۔
امرود میں شوگر، فائبر، سوڈیم، پوٹاشیم، مینگنیز، فاسفورس ، میگنیشیم، وٹامن سی اور وٹامن بی کی بھر پور موجودگی ہوتی ہے جو ہماری صحت کو بیماری سے بچانے میں مدد کرتی ہے۔ امرود کے استعمال سے امیون پاور طاقت ور ہوتی ہے اور یہ پھل اینٹی آکسیڈینٹ بھی ہے، اس لئے اسے استعمال کرنے والے مضر صحت ذرّات (فری ریڈیکلنر) سے محفوظ رہتے ہیں جو کہ ہمارے دوران خون میں پیدا ہو کر بہت سی خراب بیماریاں ہمارے جسم میں پیدا کر دیتے ہیں ۔ کھانے سے پہلے اگر باضابطہ امرود کھایا جائے تو اس میں موجود سوڈیم اور پوٹاشیم ہمیں بڑھے ہوئے بلڈ پریشر سے محفوظ رکھ سکتا ہے اور اس میں موجود ڈائٹری فائبر ہماری معدہ و آنتوں کیلئے مفید ہوتا ہے جس کی وجہ سے آنتوں کی حرکات اعتدال پررہتی ہیں اور قبض کی شکایت میں بھی فائدہ ہوتا ہے۔ اگر حاملہ عورتیں اسے استعما ل کرتی ہیں تو اُن کے لئے یہ بے حد مفید ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ اس میں موجود وٹامن سی جسم میں آئرن کو جذب کرنے میں مدد گار ثابت ہو سکتا ہے۔امرود کا استعمال ہمارے جسم کی قوت مناعت (امیونٹی) کو بڑھاتا ہے کیونکہ اس میں وٹامن سی اور دوسرے وٹامنز موجود ہیں۔ جسمانی وزن کم کرنے میں بھی اس کا استعمال مدد گار ہوتا ہے۔
اندر سے سرخ امرود بھی ہوتا ہے جس کی ایک خاص خوشبو، رنگ اور مزہ ہوتاہے۔ اور یہ زیادہ گواوا جوس کے ہی کام میں آتا ہے۔ اس کے بیج باریک اور گودا زیادہ ہوتا ہے۔ ایک امرود کی قسم باہر چھلکے کی جانب سے تمام سرخ رنگ چتیاں پڑی ہوتی ہیں مگر اندر سے بہت شیریں ہوتا ہے۔جنگلی امرود باہر سے سخت اور اس کے اندر بہت سخت بیج پائے جاتے ہیں۔ مذکورہ بالا صفات دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ امرود کو ہم سلاد بطور یادوسرے پھلوں کے ساتھ کاٹ کراس سے پھلوں کی چاٹ بنا کر بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ یا پھر ایسے ہی سیب کی مانند منہ سے توڑ کر کھا سکتے ہیں۔ اگر ہم امرود میں تھوڑا نمک ،مرچ لگا کر یا مصالحہ لگا کر استعمال کریں تو یہ اور لذیذ ہو جائے گا۔ امرود کی پیداوار ہندوستان کے مختلف حصوں اور بالخصوص یوپی اور مہاراشٹر میںہوتی ہے۔
امرود کے استعمال سے مندرجہ ذیل فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔
1۔اِمیون پاور کو بڑھا سکتے ہیں۔
2۔کولیسٹرول لیول کنٹرول کرنے میں مدد لے سکتے ہیں۔
3۔دل کو صحت مند رکھنے کیلئے ہم اسے استعمال کر سکتے ہیں۔
4۔امرود کے استعمال سے نظام ہاضمہ کی اصلاح اور قبض کی شکایت میں فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔
5۔اس میں وٹامنز کی موجودگی قوت بصارت میں فائدہ دے سکتی ہے۔
6۔ حاملہ عورتوں کی صحت کے لئے مفید ہے۔
(مضمون نگار سینئر یونانی فیزیشین ہیں)

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS