امن کی فضا برقراررکھنے کے لیے حکومت کچھ بھی کرے گی: فرید الحق خان

0
image:dhakatribune.com

ڈھاکہ: (یو این آئی) بنگلہ دیش کے مذہبی امورکے وزیرمملکت محمد فرید الحق خان نے کہا ہے کہ ایک مخصوص گروہ ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے یہاں مختلف فرقوں کے درمیان امن کی فضا کو خراب کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ حال ہی میں یہاں درگا پوجا کے دوران ہندو برادری پرمبینہ طور پرحملے ہوئے ہیں۔ ان گھناؤنے کاموں میں ملوث متعدد افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور جلد ہی ان کے خلاف دوبارہ کارروائی شروع کی جائے گی۔ فرید الحق خان نے کہا کہ حکومت ملک میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔ وزیر مملکت نے یہ بات منگل کی سہ پہردارالحکومت ڈھاکہ میں بنگلہ دیش سکریٹریٹ میں اپنے دفتر کے کمرے میں ایک پریس بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ حملے میں متاثر ہونے والے تمام افراد کی مدد کی جائے گی۔ جن کاروبار اور اداروں کو نقصان پہنچا ہے انہیں دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ یہ پہلے سے منصوبہ بند حملہ انتہا پسندوں نے کیا ہے، جس میں ہندوؤں کے مذہبی جذبات کو سب سے زیادہ ٹھیس پہنچی ہے۔ حملے میں تباہ ہونے والے مندروں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ اس کے لیے مقامی انتظامیہ، سیاسی رہنماؤں اور مختلف مذہبی تنظیموں کو مل کر کام کرنے کے لیے آگے آنا ہوگا۔ فرید الحق خان نے کہا کہ صورتحال کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مندروں، کاروباروں، افراد اور درگا پوجا کے دوران تشدد سے متاثر ہونے والوں کی فہرست متعلقہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) کے ذریعے جمع کی جائے گی۔
فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے موضوع پر انتظامیہ نچلی سطح پر سیاسی رہنماؤں اور مذہبی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں کرے گی اور متاثرہ اداروں اور افراد سے تبادلہ خیال کرے گی۔ اس معاملے میں درج ایف آئی آر کی سماعت میں تیزی لانے کے لیے وزارت داخلہ کے ذریعے بھی کارروائی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے مسلم، ہندو، بودھ اور عیسائی برادریوں کی مذہبی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں کے ساتھ خیالات کا تبادلہ/بین المذاہب مکالمہ بھی منعقد کیا جائے گا۔ واحد تعلیمی نظام شروع کرنے کی پہل وزارت تعلیم کے ذریعے کی جائے گی۔ اس میٹنگ میں ریاستی لوکل گورنمنٹ، دیہی ترقی اور تعاون کے وزیر سوپن بھٹاچاریہ، ایم پی بیرین سکدر، ایم پی منورنجن شیل گوپال، ایم پی اسیم کمار اوکِل، ایم پی پنکج دیبناتھ، مذہبی امور کے ایڈیشنل سکریٹری ایم اے اول حولدار، وزارت مذہبی امور (تنظیم اور قانون )کے ڈپٹی سکریٹری اور ہندو دھارمک ٹرسٹ کے سکریٹری محمد منعم حسن خان اور ڈھاکہ مہانگر پوجا اتسو پریشد کے نائب صدر شیلند ناتھ مجمدار بھی موجود تھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS