حکومت مفت راشن کی بنیاد پر منہگائی میں اضافہ کر وصول کر رہی ہے قیمت : ڈاکٹر ایوب سرجن

0

پرتاپ گڑھ ، یکم اپریل (یواین آئی ) انتخابی نتائج کے بعد بنیادی اشیاء پٹرولیم مصنوعات ،پکوان گیس و کھانے پینے کی اشیاء میں منہگائی جہاں عروج پر ہے ،وہیں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت مفت راشن کے بہانے منہگائی میں اضافہ کر قیمت وصولنے کا کام کر رہی ہے ۔منہگائی میں انتہائی اضافہ کے سبب حالات یہ ہیں کہ غریب بھکمری کے دہلیز پر پہونچ گیا ہے ۔حکومت مفت راشن کا ڈھول پیٹ رہی ہے ،جبکہ بے روزگاری میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے ۔پیس پارٹی کے قومی صدر ڈاکٹر ایوب سرجن نے میڈیا کو جاری بیان میں مذکورہ تاثرات کا اظہار کیا ۔
ڈاکٹر ایوب سرجن نے کہا کہ انتخاب کے دوران ووٹ حاصل کرنے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی اپنے انتخابی اجلاس میں عوام کے لئے بڑے بڑے دلکش اعلانات کرتے رہے ،مگر جیسے ہی انتخابی عمل ختم ہوا،اس کے بعد ملک کی عام عوام کو منہگائی کے ڈبل ڈوز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ملک میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں پہلے سے عروج پر ہیں ،اب روز منہگائی میں اضافہ ہورہا ہے ۔کھانے پینے کی بنیادی اشیاء تیل وغیرہ کی قیمتوں میں انتہائی اضافہ کے سبب موجودہ حالات میں غریب و اوسط درجہ کے لوگوں کا گزر بسر مشکل ہو گیا ہے ۔
حکومت انتخاب کے دوران لاکھوں لوگوں کو ملازمت دینے کا اعلان کرتی رہی ،مگر نئی ملازمت دینے کی بات تو دور ،جو لوگ سبکدوش ہورہے ہیں ،ان کے عہدوں کو ختم کر نئی ملازمت کے مواقع کو ختم کیا جا رہا ہے ،اس سے نوجوانوں کے زیادہ بے روزگار ہونے کے امکانات ہیں ۔عام نوجوان ملازمت کی امید چھوڑ چکا ہے ۔مہنگائی کے ساتھ ہی ملک میں بدعنوانی عروج پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ مرکز کے ساتھ ہی بی جے پی زیر اقتدار والی ریاستوں میں آئے دن بدعنوانی کے بڑے بڑے گھپلے اجاگر ہو رہے ہیں ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS