دہلی سرکار یوکرین متاثر طلبا کی ہرممکن مدد کرے گی

0

کنبوں سے ملنے کیلئے افسران کو حکم ، اساتذہ اور اسٹاف کی لگائی گئی ڈیوٹی
اظہار الحسن
نئی دہلی (ایس این بی) : دہلی سرکار نے ضلع افسران کو یوکرین سے محفوظ نکل کر لائے گئے یا وہاں اب بھی پھنسے طلبا کے کنبوں سے ملنے اور انہیں یہ یقین دہانی کرانے کا حکم دیا ہے کہ ان کے بچوں کی بھلائی کے لئے سبھی ضروری قدم اٹھائے جا رہے ہیں۔ ضلعی افسران نے متعلقہ علاقوں میں اس ایگزیکٹو حکم کو موثر طریقہ سے نافذ کرانے کے لئے اساتذہ اور دیگر اسٹاف کو اس کام میں لگایا ہے۔
ضلع افسران کی طرف سے جاری حکم کے مطابق متعلقہ ٹیم یوکرین میں پھنسے طلبا کے کنبوں سے ملے گی اور انہیں یقین دلائے گی کہ ان کے بچوں کی صحیح سلامت واپسی کو پابند بنانے کے لئے ضروری قدم اٹھائے جا رہے ہیں ۔وسطی ضلع کے ایک افسر نے کہا کہ وہ یو کرین سے صحیح سلامت ملک واپس لائے گئے طلبا کے گھر بھی جائیں گے ،ان کا حال چال پوچھیں گے اور انہیں ضروری مدد مہیا کرانے کی پیش کش کریں گے ۔یہ حکم دہلی کے سبھی 11اضلاع کی طرف سے جاری کئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے منگل کو مرکزی سرکار سے یوکرین میں پھنسے ہندوستانیوں کو جلد واپس لانے اور انہیں ہر ممکن مدد پہنچانے کی اپیل کی تھی ۔جنوبی دہلی ضلع کے ایک سینئر افسر نے کہا کہ یوکرین میں پھنسے طلبا کے کنبوں کے لئے بہت مشکل وقت ہے۔افسران ایسے طلبا کے کنبے سے رابطہ کریں گے اور یوکرین سے ہندستانیوں کو واپس لانے کے عمل میں شامل سینئر افسران سے ان کا رابطہ کرائیں گے، ان کوہیلپ لائن نمبر مہیا کرائیں گے اور انہیں ہر طرح کی مدد بھی کریںگے۔شاہدرہ ضلع کے ایک دیگر افسر نے کہا کہ اساتذہ اور دیگر ملازمین کی ٹیم یوکرین سے واپس آرہے ہندستانیوں کو ہوائی اڈے پر فوری مدد مہیا کرائے گی۔
امید کی جارہی ہے کہ دہلی سرکار کی اس پہل سے یوکرین کے متاثر طلبا کو کافی راحت ملے گی اور اگر انہیں کوئی پریشانی ہوگی تو وہ سرکاری افسران سے رابطہ کرسکتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS