ملک میں پیسے کی کمی نہیں ، قوت ارادی کی ضرورت ہے:گڈکری

0
Image: The Economics Times

اندور، (یو این آئی): مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری نے آج کہا کہ ملک میں ترقی کے لیے وسائل (پیسے) کی کوئی کمی نہیں ہے۔مضبوط ارادے کی ضرورت ہے اور اس کے ذریعے وسائل حاصل کئے جاتے ہیں۔
مسٹرگڈکری نے رات کو یہاں کنونشن سنٹر میں ریاست کے 34 سڑک منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔سڑک منصوبوں کی لمبائی 1356 کلومیٹر ہے اور ان کی لاگت 9577 کروڑ روپے ہے۔ ان میں سے 14 منصوبوں کا افتتاح اور 20 منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کے علاوہ لوک سبھا کی سابق اسپیکر سمترا مہاجن ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ ، ریاستی محکمہ تعمیرات عامہ کے وزیر گوپال بھارگو ، وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا بھی تقریب میں موجود تھے۔ وہیں مرکزی وزراء نریندر سنگھ تومر ، جیوترادتیہ سندھیا ، وریندر کمار اور پرہلاد پٹیل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے۔ مسٹرگڈکری نے اپنے خطاب میں سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے دور میں ایک واقعہ کاذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ملک کی دیہی سڑکوں کی تعمیر کے حوالےسےایک پریزنٹیشن ہوا تھا ۔ اس کے لیے بہت سارے پیسوں کی ضرورت تھی اورایک افسر نےپریزنٹیشن کے دوران ہی مسٹرواجپئی کی موجودگی میں تکنیکی پہلوؤں اور فنڈز کی کمی بتاتے ہوئے ایک قسم کی رکاوٹ پیدا کی تھی ۔
تب انہوں نے خود (مسٹر گڈکری نے) اس وقت کے وزیر اعظم مسٹر واجپئی سے کہا کہ حکومت عہدیداروں کے حساب سے نہیں چلتی۔ آپ ملک کی تقدیر ہیں اور آپ فیصلہ کریں۔ مسٹر گڈکری کے مطابق انہوں نے فوری طور پر پٹرول اور ڈیزل پر 1 روپے فی لیٹر سیس لگانے کا مشورہ دیا، جسے مسٹر واجپئی نے قبول کر لیا۔ اس وقت مرکزی وزیر سندر لال پٹوا نے بھی اس کام میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
مسٹر گڈکری نے کہا کہ اس کے بعد پردھان منتری گرام سڑک یوجنا تشکیل دی گئی اور اب ملک کے بیشتر دیہات سڑکوں سے جڑ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں کے ذریعے گاؤں اور گاؤں والوں کو حقیقت میں آزادی ملی ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS