بی جے پی حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے

0
image:Deccan Herald

بی جے پی حکومت مسلسل جھوٹ بول رہی ہے
کال ڈیٹیل سے صاف ہوجائے گاعطر تاجرکس کا آدمی ہے: اکھلیش یادو
اناؤ (ابرار حسین/ ایس این بی) :ادیب و دانشوروں، مجاہدین آزادی کی سرزمین اناؤ سے انقلاب ہوگا اور 2022 میں بدلاؤ ہوگا اور حکومت بننے پر میٹرو کو کانپور سے اناؤ تک لایا جا گائے گا۔ بی جے پی مسلسل جھوٹ بولنے کا کام کر رہی ہے، دہلی سے لے کر پورے ملک میں جن ترقیاتی کاموں کے اشتہارات لگائے جا رہے ہیں، لیکن زمینی حقیقت میں ایسا نہیں ہے، کسانوں کی آمدنی اور نوجوانوں کیلئے ان کے پاس کوئی جواب نہیں ہے۔ یہ باتیں آج سماجواری پارٹی کے قومی صدر و سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اکھلیش جب اسٹیج پر آئے اور عوامی سیلاب کو دیکھ کر کہا کہ اتنا خراب موسم ہونے کے باوجود یہ عوام کا سیلاب بتا رہا ہے کہ2022 میں بدلاؤ ہونے جا رہا ہے یوگی اور مودی کی جھوٹی حکومت سے عوام کا اعتماد اُٹھ چکا ہے۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ اناؤ کا نام ملک میں ہی نہیں بلکہ دنیا میں جانا جاتا ہے۔ یہیں سے سوریہ کانت نرالا، چندر شیکھر آزاد اور مولانا حسرت موہانی ظاہر ہوئے ہیں اور انقلاب زندہ باد کا نعرے دینے والے انقلابی سرزمین سے انقلاب ہوگا اور2022 میں بدلاؤ ہوگا۔ انہوں نے یوگی حکومت کو جھوٹ بولنے والی حکومت بتاتے ہوئے کہا کہ قنوج کے ایک تاجر کے یہاں بے شمار دولت ملی ہے جس کو وہ ایس پی کا بتا رہے ہیں جبکہ سچ یہ ہے کہ یہ سیاہ کمائی بی جے پی والوں کی ہے اور ہماری بات کا سچ جاننے کے لئے تاجر کی کال ڈٹیل کی جانچ کرا لیں تب صاف ہو جائے گا کہ تاجر کس کا آدمی ہے۔ انہوں نے یوگی بابا کو جھوٹا بتاتے ہوئے کہاکہ وہ کہہ رہ ہیں کہ اگر ایس پی کی حکومت آگئی تو رام مندر بند ہو جائے گا، جبکہ رام مندر تو سپریم کورٹ سے زیر نگرانی بن رہا ہے اسے کون روکے گا۔ انہوں نے یوگی کو جھوٹ بولنے کا ماہر بتاتے ہوئے کہا کہ کہتے ہیں کہ لاکھوں بے روزگاروں کو نوکری دے دی۔ کسانوں کی آمدنی دوگنی کر دی، گنا کسانوں کی ادائیگی کر دی، یہ سب افواہ اور جھوٹ ہے۔ دہلی تک بڑے بڑے اشتہارات لگائے جا رہے ہیں، لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے، جس طرح مہنگائی بڑھی ہے اس سے کمائی آدھی رہ گئی ہے، بجلی مہنگی ہے، کسان کے کھاد کی بوری میں چوری ہو رہی ہے، بجلی کے کارخانے نہیں لگے، اسپتالوں میں علاج دستیاب نہیں ہے، لیکن حکومت کوئی انتظام بھی نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجوادی حکومت بنے گی تو میٹرو کو کانپور سے اناؤ تک لایا جائے گا۔ کسانوں نوجوانوں، مزدوروں اور قوانین کے حق میں کام کیا جائے گا اور عوام کی امیدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کی جائے گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS