افریقی ملک کانگو میں دہشت گرد حملہ، 11 ہلاک

0

کنشاسا: (یو این آئی/ اسپوتنک) ایک بنیاد پرست باغی گروپ کے عسکریت پسندوں نے افریقہ میں جمہوریہ کانگو کے شمال مشرق میں واقع اتوری صوبے کے ندونگبے گاؤں پر دہشت گردانہ حملے کے دوران کم از کم 11 شہریوں کو ہلاک کر دیا۔ کیوو سکیورٹی ٹریکر پروجیکٹ نے یہ معلومات دی ہے۔ واچ ڈاگ تنظیم کیوو سکیورٹی نے جمعہ کو ٹویٹ کیا، ’’ جمعرات کو ندونگبے گاؤں میں کم از کم 11 شہری مارے گئے۔‘‘رضاکار تنظیم کیوو سکیورٹی کو شبہ ہے کہ یہ حملہ اتوری سیلف ڈفینس -ڈفینس پاپولر فرنٹ (ایف پی اے سی -جے اے آر ای ) کے باغیوں نے کیا تھا۔
کیوو سکیورٹی ٹریکر کانگولیس ریسرچ گروپ اور ہیومن رائٹس واچ کا مشترکہ پروجیکٹ ہے، جس کا مقصد ملک کے تنازع سے متاثرہ مشرقی حصے میں تشدد کی نگرانی کرنا ہے۔ کانگو کا مشرقی حصہ طویل عرصے سے مختلف باغیوں اور دہشت گرد گروہوں کے حملوں کی زد میں ہے۔ صوبہ اتوری میں، ایف پی اے سی -جے اے آر ای ہیما کمیونٹی کے اراکین کے ساتھ مل کر سرگرم ہے۔ اتوری میں، ہیما چرواہے اور لیندو برادری کے کسانوں کے درمیان زمین کی کمی کو لے کر پرتشدد تنازعہ کئی دہائیوں سے جاری ہے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS