کھلے میں نماز پرکشیدگی برقرار:گروگرام کے سیکٹر 37میں نہیں پڑھنے دی گئی نماز

0
Al Jazeera

ہندوتنظیموں کے کارکنان نے لگائے مسلم مخالف نعرے
گروگرام (ایجنسیاں) : ہریانہ کے گروگرام میں کھلے میں نماز جمعہ پڑھنے کے معاملے میں شروع ہونے والا تنازع اب بڑھتا ہی جا رہا ہے۔ ہندو تنظیموں نے سیکٹر 37 کے خالی میدان میں نماز پڑھنے کے خلاف احتجاج شروع کر دیا، جس کی وجہ سے نماز نہیں ہوسکی۔ نماز کے خلاف احتجاج میں میدان کے قریب جمع ہندو تنظیموں کے کارکنوں کی طرف سے مبینہ طور پر متنازع اور مسلم مخالف نعرے بھی لگائے گئے۔ مظاہرے کے پیش نظر امن و امان برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری کو موقع پر تعینات کیا گیا ہے۔اطلاع کے مطابق گروگرام شہر کے متنازع مقامات پر کھلے میں نماز ادا کرنے پر کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ سیکٹر 37 میں کھلے میدان میں ہندو تنظیموں نے نماز پڑھنے کے خلاف احتجاج کیا اور ’بھارت ماتا کی جے‘ کے نعرے لگائے اور وہاں نماز نہیں پڑھنے دی گئی۔ اس دوران آنجہانی سی ڈی ایس جنرل بپن راوت کیلئے ایک خراج عقیدت میٹنگ کا بھی اہتمام کیا گیا اور 10 سے زیادہ گاؤں کے نوجوانوں نے بپن راوت اور ان کی اہلیہ سمیت تمام 11 شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گاؤں کے رنکو پردھان نے کہا کہ کھلے میں نماز نہیں پڑھنے دی جائے گی۔ پچھلی بار انتظامیہ نے غور کر کے نماز نہ پڑھنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہ ہونے کے بعد جمعہ کو ایک بار پھر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے نماز پڑھنے کیلئے یہاں پہنچنے کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران گاؤں کے لوگوں نے اپنی گاڑیاں اور ٹرک یہاں کھڑے کر دیئے، تاکہ کوئی نمازی یہاں نماز نہ پڑھ سکے۔جمعرات کو ہندو تنظیموں نے شہر میں کسی بھی کھلے مقام پر نماز ادا کرنے کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا تھا۔ اسی وقت مسلم ایکتا منچ نے تمام منتخب جگہوں پر نماز ادا کرنے کی بات کہی تھی۔ ہندو سنگھرش سمیتی کے صدر مہاویر بھاردواج نے کہا کہ سیکٹر 47، 12 اے، سیکٹر 18 کے پارک کے بعد گزشتہ 3 ماہ سے سیکٹر 37 میں کھلے عام نماز کے خلاف زبردست احتجاج کیا جا رہا ہے۔ اب جمعہ کے دن شہر میں کسی بھی جگہ کھلے میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انتظامیہ کو خبردار کیا گیا ہے کہ اگر کھلے میں نماز پڑھی گئی تو اس کی مخالفت کی جائے گی۔ گزشتہ جمعہ کو سیکٹر 37 میں ہندو تنظیم کے عہدیداروں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ نماز کی جگہ پر نعرے بازی کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل جمعہ کو بھی گروگرام سیکٹر 37- میں نماز جمعہ میں خلل ڈالنے کی کوشش کی گئی تھی، جبکہ پولیس نے امن میں خلل ڈالنے کے خدشہ کے پیش نظر7 لوگوں کو حراست میں لیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS