تمل ناڈو میں زرعی قوانین اور سی اے اے کے خلاف احتجاج کے تمام مقدمات واپس لئے جائیں گے

0
image:oneindia.com

چنئی : (یو این آئی) تمل ناڈو کے وزیر اعلی ایم کے اسٹالن نے جمعرات کو مرکز کے زرعی قوانین اور شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) کے مظاہرے کے خلاف درج تمام مقدمات کو واپس لینے کا اعلان کیا۔
اسمبلی میں گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث کے جواب میں ایم کے اسٹالن نے کہا کہ ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں کووڈ کے بعد کلینک کھولے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دو صنعتی یونٹ قائم کیے جائیں گے جس سے 22،000 افراد کو روزگار ملے گا اور میڈیا کے خلاف ہتک عزت کے تمام مقدمات بھی واپس لئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا کے بعد کی پیچیدگیوں کے پیش نظر ریاست کے تمام سرکاری میڈیکل کالجوں اور اسپتالوں میں ماہر ڈاکٹروں کے ساتھ کووڈ کے بعد کلینک کھولے جائیں گے۔
ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ گورنر کے خطاب کو عملی شکل دینے کے لئے شمالی تمل ناڈو میں دو نئی صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں اورخواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور شمالی تمل ناڈو میں صنعتی ترقی کی حوصلہ افزائی کے لئے چیار اور ٹنڈی ونم میں دو نئی صنعتیں قائم کی جائیں گی جس سے بالترتیب 12،000 اور 10،000 ملازمتیں پیدا ہوں گی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS