نئی دہلی (ایس این بی) : پنجاب میں تاریخی جیت پر آپ کنوینر اور وزیر اعلی دہلی اروند کجریوال نے جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں حامیوں سے خطاب کیا۔ سردار بھگونت مان کو پنجاب میں پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پہلے انقلاب دہلی میں آیا ، آج پنجاب میں انقلاب آیا، اب پورے ملک میں انقلاب آئے گا۔ اس دوران پارٹی کے سینئر لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا سمیت کئی سینئر لیڈر موجود تھے۔ اس موقع پراروند کجریوال نے کہا کہ انگریزوں کا نظام پچھلے 75 سال سے چل رہا تھا۔ عام آدمی پارٹی نے پچھلے سات سالوں میں اس نظام کو بدل دیا ہے۔ اب غریبوں کے بچے اچھی تعلیم حاصل کرنے لگے ہیں اور بابا صاحب اور بھگت سنگھ کا خواب پورا ہونے لگا ہے۔ آج نتائج کے ذریعہ عوام نے بتا دیا ہے کہ کجریوال دہشت گرد نہیں ہیں، آپ دہشت گرد ہیں، جو ملک کو مل کر لوٹ رہے ہیں۔
اروند کجریوال نے کہا کہ آج ہم لوگوں کو یہ عہد کرنا ہے کہ ہم ایک نیا ہندوستان بنائیں گے، جہاں ایک شخص دوسرے شخص سے پیار کرے گا اور محبت کرے گا۔ ہم ایک ایسا ہندوستان بنائیں گے جہاں نفرت کی کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ کوئی بھوکا نہیں سوئے گا اور سب محفوظ رہیں گے۔ آنے والا وقت ہندوستان کا ہے اور ہندوستان کو دنیا کا نمبر ایک ملک بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اروند کجریوال نے کہا کہ پنجاب کے لوگوں نے کمال کر دیا ہے۔ آئی لو یو پنجاب۔ سکھبیر سنگھ بادل ہارے، کیپٹن صاحب ہارے، چنی صاحب ہارے، پرکاش سنگھ بادل ہارے، نوجوت سنگھ سدھو ہارے اور بکرم سنگھ مجیٹھیا ہارے۔ یہ ایک بہت بڑا انقلاب ہے۔ پنجاب کے اندر آج بڑی کرسیاں ہل گئیں۔ بھگت سنگھ نے ایک بار کہا تھا کہ ’آزادی کے بعد اگر ہم صرف انگریزوں کو بھگا دیں اور نظام نہیں بدلیں گے تو کچھ نہیں ہونے والا ہے۔ اروند کجریوال نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ پچھلے 75 سالوں سے ان پارٹیوں اور ان لیڈروں نے ایک ہی برطانوی نظام کو قائم رکھا۔ وہ ملک کو لوٹ رہے تھے۔ نہ کوئی اسکول بنایا اور نہ اسپتال بنایا۔ لوگوں کو جان بوجھ کر غریب رکھا گیا۔ انگریزوں کا سارا نظام چل رہا تھا۔ عام آدمی پارٹی نے پچھلے سال اس نظام کو بدل دیا ہے۔ ہم نے ایماندارانہ سیاست شروع کی ہے۔ ہم نے عوام کا کام شروع کر دیا ہے۔ اب بچوں کے اسکول بن رہے ہیں۔ غریبوں کے بچے اچھی تعلیم حاصل کرنے لگے ہیں۔ بابا صاحب امبیڈکر اور بھگت سنگھ کا خواب پورا ہونا شروع ہو گیا ہے۔
پنجاب میں چلی جھاڑو : آج پنجاب میں انقلاب، آگے پورے ملک میں
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS