4ریاستوں میں کھلا کمل، پنجاب میں چلی جھاڑو

0
theeconomictimes

نئی دہلی (ایجنسیاں) : 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اتر پردیش، اتراکھنڈ، منی پور اور گوا میں اقتدار میں واپسی کرتی نظر آرہی ہے ، جبکہ عام آدمی پارٹی(اے اے پی) پنجاب میں بھاری اکثریت سے حکومت بناتی نظر آرہی ہے۔اسمبلی انتخابات میں جہاں بی جے پی نے اترپردیش میں اپنی حکومت کو برقرار رکھ کر تاریخ رقم کی، وہیں عام آدمی پارٹی پہلی بار راجدھانی دہلی سے باہر ریاست پنجاب میں حکومت بنانے جارہی ہے۔ عام آدمی پارٹی کی صرف یہی ایک بڑی کامیابی نہیں ہے، بلکہ اس بار اس نے گوا کی سیاست میں بھی قدم رکھا اور اپنا کھاتہ کھولا ہے۔ اسمبلی انتخابات میں ملک کی سب سے قدیم پارٹی کانگریس حاشیہ پر چلی گئی ہے، جبکہ بہوجن سماج پارٹی کا صفایا ہوگیا ہے۔ سب سے زیادہ چونکادینے ولے نتائج یہ ہیں کہ اس بار پنجاب کے وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی اپنی دونوں سیٹوں اور اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی اپنی سیٹ سے الیکشن ہار گئے۔ اس طرح 5میں سے 2وزرائے اعلیٰ کی شکست ہوئی ہے۔ یہی نہیں 5سابق وزرائے اعلیٰ بھی ہارے ہیں۔ ادھر پنجاب میں کانگریس اکائی کے صدر نوجوت سنگھ سدھو بھی اپنی سیٹ نہیں بچا سکے اور ریاست کے سابق وزیراعلیٰ کیپٹن امریندرسنگھ جنہوں نے کانگریس سے استعفیٰ دے کر اپنی نئی پارٹی بنائی تھی اور بی جے پی کے ساتھ اتحاد کیاتھا ان کو بھی شکست ہوئی ہے۔ادھر اکالی دل کے صدر سکھبیر سنگھ بادل ہی نہیں، بلکہ ان کے کنبے کا کوئی بھی فرد اس بار اسمبلی میں نہیں پہنچ سکا۔ 30سال کے بعد ایسا پہلی بار بادل کنبے کے ساتھ ہوا ہے۔ اس الیکشن میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کا جادو بھی نہیں چل سکا اور راہل گاندھی کے کھاتے میں ایک اور ہار درج ہوگئی، جس پر پارٹی میں کافی ہنگامہ ہوسکتا ہے، بلکہ کانگریس کی عبوری صدر سونیاگاندھی نے سی ڈبلیو سی کی میٹنگ بھی طلب کی ہے۔
اترپردیش میں گزشتہ 71سالوں میں پہلی بارپوری معیاد تک حکومت کرنے والا کوئی وزیراعلیٰ دوسری بار اقتدار کو سنبھالے گا۔ وہیں 1970کی دہائی کے بعد پہلی بار پنجاب میں تیسری پارٹی اقتدار میں آئی ہے۔1970 کے اوائل سے ہی اقتدار میں رہیں ریاست کی 2 بڑی پارٹیوں کانگریس اور شرومنی اکالی دل کے درمیان باری باری اقتدار میں آنے کا سلسلہ 2022کے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے ابھرنے کے ساتھ ہی ٹوٹ گیا۔ادھر منی پور میں جنتادل یونائیٹڈ نے 6سیٹیں جیت کر سبھی کو حیرت زدہ کردیا۔ انتخابی نتائج کے دوران چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا نے بھی ایک اہم اعلان کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کیلئے تیار ہے، لیکن یہ پانچ سال میں ایک بار ہو۔’ون نیشنل ون الیکشن ‘ اچھا مشورہ ہے، لیکن اس کیلئے آئین میں ترمیم کی ضرورت ہے۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS