نئی دہلی: سپریم کورٹ نے منگل کے روز ہم جنس پرستوں کی شادی کو قانونی حیثیت دینے کی عرضی خارج کر دی۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں پانچ ججوں کی آئینی بنچ نے تین بمقابلہ دو ووٹوں سے ہم جنس پرستوں کی شادی کو تسلیم کرنے کے مطالبے کو مسترد کر دیا اور کسی تشدد، جبر یا مداخلت کے بغیر ان کے ساتھ رہنے کے حق کو برقرار رکھا۔
آئینی بنچ نے اکثریتی فیصلے میں کہا کہ قانون ہم جنس جوڑے کے شادی کے حق کو تسلیم نہیں کرتا ہے، اس پر واضح قانون بنانا پارلیمنٹ کا کام ہے۔ چیف جسٹس چندرچوڑ اور جسٹس کول نے ہم جنس شادی کے حق کو سمجھا اور ایسے ہم جنس جوڑوں کو نتیجے کے فوائد دینے کے حق کو برقرار رکھا۔
دوسری طرف جسٹس بھٹ، جسٹس کوہلی اور جسٹس نرسمہا نے ہم جنس جوڑے کی شادی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ آئینی بنچ کے ارکان نے تاہم مرکزی حکومت کے اس بیان کو متفقہ طور پر ریکارڈ پر لیا کہ وہ ہم جنس جوڑے کو دیے گئے حقوق اور فوائد کو ضابطہ بند کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے گی۔
مزید پڑھیں: مدھیہ پردیش میں کانگریس نے جاری کیا منشور، خواتین کو ماہانہ امداد دینے سمیت 59 وعدوں کا ذکر
بچہ گود لینے کے معاملے میں، جسٹس چندرچوڑ اور جسٹس کول نے ہم جنس جوڑوں کو حق دیا، لیکن دیگر تین ججوں نے اس نظریے سے اتفاق نہیں کیا اور سی اے آر اے کے قوانین کی درستگی کو برقرار رکھا جن کے تحت ہم جنس پرستوں اور غیر شادی شدہ جوڑوں کو بچہ گود لینے سے باز رکھا گیا ہے۔
(یو این آئی)