مصروف زندگی میں فٹ رہنا آسان ہوا

0

لیاقت علی جتوئی
مَردوں کی طرح خواتین کا بھی اپنا ایک مخصوص روٹین ہوتا ہے، جس کے مطابق وہ اپنی تمام سرگرمیاں انجام دیتی ہیں۔ عموماً، خواتین کا زیادہ تر وقت روزمرہ کے کاموں مثلاً گھر،دفتر ،کاروباروغیرہ کے کام، بچوں کی دیکھ بھال ،کھانے کی تیاری وغیرہ میں گزر جاتا ہے۔ ان سب کاموں میںخواتین اپنی صحت کا خیال رکھنا بھول جاتی ہیں۔ تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ خواتین صحت مند نہیں رہنا چاہتیں، بس روز مرہ کی مصروفیات میں وہ صحت کو اپنی ترجیحات میں شامل نہیں رکھ پاتیں۔ تاہم، ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ صحت مند طرز زندگی کے لئے آپ کو اپنی مصروف زندگی میں کوئی بڑا ردوبدل کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ چند معمولی باتوں کا خیال رکھ کر آپ صحت مند اور فٹ رہ سکتی ہیں۔
چہل قدمی:ایک اصول بنالیں کہ کوئی بھی فون کال بیٹھ کرنہیں سنی جائے گی۔ دن بھرمیں جب کسی سے بھی فون پربات کریں، چاہے آفس میں ہوں یا گھرمیں، آپ چہل قدمی کرناشروع کردیں۔ کچھ اور نہیں توبیٹھے بیٹھے اپنے پاؤں کوحرکت دیں ۔اگرآپ کے پاس دن بھرمیں 5سے 10فون کالز آتی ہیں تواندازے کے مطابق تقریباً ایک گھنٹے کاورک آؤٹ آپ آسانی سے کرلیں گی۔کیلوریز جلانے کایہ سب سے آسان اورکارآمد طریقہ ہے۔
پانی ضروری ہے:مناسب مقدار میں پانی پینا صحت کے لئے بے حد مفید ہے ۔ لیکن کبھی کبھی صرف پانی پینا تھوڑا بورنگ ہوجاتا ہے ۔ ایسے میں زیادہ پانی پینے کے لئے آپ بوتل میں پانی بھر کر اس میں لیموں کا عرق ، انناس کے ٹکڑے ، پودینہ یا سونف وغیرہ ڈال سکتی ہیں۔ اس سے نہ صرف پانی کا ذائقہ بہتر ہوگا بلکہ پانی مزید صحت بخش بھی ہو جائے گا ۔
توانائی بحال رکھیں:توانائی بحال رکھنے کے لیے انرجی بارز اپنے ساتھ رکھیں۔ زیادہ ترپروٹین بارز مصنوعی شکر یا فلیوراور دیگر اجزا سے بھرپورہوتے ہیں۔ ایسے پروٹین بارز کاانتخاب کریں، جو صاف، غذائیت سے بھرپور اورقدرتی اجزا جیسے انڈے کی سفیدی اورمیوہ جات سے تیارکردہ ہوں۔ کوشش کریں اس میں کوئی غیرمعیاری اجزا شامل نہ ہوں۔ محض گلوٹین فری،سویافری،ڈیری فری اورشوگرفری کے ٹیگ دیکھ کراستعمال نہ کریں۔
مختصر اور فوری ورزش:جب آپ کے پاس وقت بہت ہی کم ہوتو10منٹ کی ورزش ضرور کرلیں۔جس طرح گھڑی کی سوئی تیزی سے چلتی ہے، آپ بھی بالکل اسی کے ساتھ چلنے کی کوشش کریں۔ تیس جمپنگ لانجز،بیس کرنچز،پندرہ ایئراسکواٹس،دس پش اَپس اورپانچ ٹرائ سیپ ڈپس کریں، پھر اسے دہرائیں۔
صحت بیگ:اسکول ، کالج یا دفتر جانے والی وہ خواتین جو کسی مصروفیت کی وجہ سے دن کا ایک بڑا حصہ گھر سے باہر گزارتی ہیں ، انہیں چاہئے کہ اپنے ساتھ یہ بیگ ہروقت رکھیں۔ اس میں آپ کچھ اسنیکس جیسے بیج، خشک میوے اور پھل وغیرہ رکھ سکتی ہیں، تاکہ جب بھی بھوک لگے، جنک فوڈ یا چپس وغیرہ کھانے کے بجائے ایسی چیزوں سے پیٹ بھر لیں۔
میٹھے کی طلب:اپنے پاس ہمیشہ ڈارک چاکلیٹ رکھیں، جس میں70فیصد کوکو اور چینی یا تو نہ ہو یا پھرنہایت ہی مناسب مقدارمیں ہو۔ یہ کافی اور میٹھے کی طلب دور کرنے کے لئے بہترین انتخاب ہے، اس سے توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اگرخالی ڈارک چاکلیٹ سے آپ کی میٹھے کی طلب پوری نہ ہوتی ہو تو اس کے ساتھ آپ ایک ٹکڑا کھجور بھی کھا سکتی ہیں۔ اسے آپ چھوٹے سے ڈیزرٹ کے طور پر بھی استعمال کرسکتی ہیں۔
تھکن کو دور بھگائیں:پُرسکون رہنے اور تھکن سے ہونے والے سر درد یا جسمانی درد کو بھگانےکے لئے چند اہم ضروری تیل جیسے لیونڈرا ورجرینیم کاتیل اپنے پاس ضروررکھیں، ان کی خوشبوآپ کو پُرسکون رکھتی ہے۔ جب آپ کشیدگی کاشکارہوں، جیسے دن بھر مصروف گزراہو توکیمومائل لوشن چہرے پر لگائیں، اس سے جِلد ہائیڈریٹ اوردماغ پُرسکون رہتاہے۔کسی بھی اور چیز کے مقابلے میں صحت مند رہنے کے لیے مثبت طرز ِزندگی اپنانا زیادہ اہم ہے ، جس کے لیے آپ کو تھوڑی سی سمجھداری ہی درکار ہے۔ اس طرح آپ مہینوں نہیں بلکہ دنوں میں اپنی صحت میں واضح بہتری دیکھیں گی ۔
لمبی سانس بھریں:جب آپ ذہنی دباؤ محسوس کرنے لگیں توخود کوپھر سے نارمل اور پرُسکون کرنے کے لئے لمبی لمبی سانسیں لیں، اس سے قوت ِ برداشت میں اضافہ ہوتا ہے۔ آہستہ آہستہ سانس لیں اوراپنے ذہن میں 20تک گنتی گنیں، اس کے بعد سانس باہر نکالیں اوریہ عمل اس وقت تک دہرائیں جب تک آپ طبیعت میں بہتری محسوس نہ کریں ۔ سانس لینے کی یہ سادہ سی مشق آپ کو ہر طرح کے دباؤ سے باہر نکالنے میں انتہائی کار آمد ثابت ہوسکتی ہے۔ اسے دن کے وسط میں کرنا بہتر ہے، چاہے آپ کہیں بھی موجود ہوں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS