سری نگر : (یو این آئی) وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد موسمی صورتحال مسلسل دگرگوں ہے اورگذشتہ شب بھی وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جب کہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کی پیش گوئی کے مطابق جموں وکشمیر میں2 سے 3 مارچ تک بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ موصوف ترجمان نے کہا کہ وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقامات گلمرگ اور پہلگام میں گذشتہ شب تازہ برف باری ہوئی جبکہ وادی کے میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئیں۔ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 0.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کم سے کم درجہ حرارت 1.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام جہاں دوران شب تازہ برف باری ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی 0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.1 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی 0.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور قصبہ دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا کا دوسرا سرد ترین علاقہ ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی15.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ دریں اثنا وادی میں اتوار کو موسم خشک رہا۔
برف باری سے وادی کے شہر و گام کی سڑکیں زیر آب ہیں اور ان پر لوگوں خاص کر عمر رسیدہ افراد، بچوں اور خواتین کا چلنا پھرنا از بس محال ہے۔
کشمیر میں برف باری، گلمرگ سرد ترین مقام
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS